ترکی کی فلاحی تنظیم آفادآرگنائزیشن کی طرف سے سیلاب زدگان میں راشن بیگ کی تقسیم

33

میرپورخاص، 08 ستمبر(اے پی پی):ترکی کی فلاحی تنظیم آفادآرگنائزیشن کے نمائندے محمد اور حمزہ  نے پاکستان کی عوام کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ہمت نہ ہارے تکلیفیں آتی رہتی ہیں اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں ہر تکلیف کے بعد کامیابی ہے  اللہ پاک آپ کی مدد فرمائیں گے اس امر کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج جھڈو میں سیلاب زدگان میں راشن بیگ تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرترک وفد کی جانب سے بتایا گیا کے ہم ترکی کی حکومت اور عوام کی جانب سے آپ لوگوں کی مدد کرنے کے لیئے آئے ہیں آپ کی تکلیف کو ہم اپنی تکلیف سمجھ رہے ہیں،ترکی کی جانب سے مختلف وفد پاکستان کے  مختلف صوبوں کے اضلاع میں متاثرین میں امداد تقسیم کر چکے ہیں جب کے اس سے قبل سندھ کے  مختلف اضلاع میں  7 ہزار خیمے 10 ہزار راشن بیگ اس کے ساتھ 6 لاکھ مختلف ادویات  تقسیم کی جاچکی ہیں،اس موقع پر وفد نے متاثرین کے ساتھ ملکر پاکستان کو  آفت سے بچنے کی دعا کرائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ  ترک حکومت اور عوام سے جوبھی ہو سکے گا وہ اس مشکل وقت میں سندھ سمیت  پاکستانی عوام کی مدد کریں گے واپسی  میں انہوں نے سڑک پر بیٹھے ہوئے متاثرین میںنقد رقم بھی تقسیم کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے کہا ہے ہم  ترک حکومت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس مشکل گھڑی میں  سندھ سمیت پاکستان کی عوام کا ساتھ دیا۔ڈپٹی کمشنر نے انہیں آگاہی دیتے ہوئے کہا کے سندھ سمیت ڈسٹرکٹ میرپورخاص کی تحصیل جھڈو ، سندھڑی ، ڈگری  بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں،عوام کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے،علاقے زیرآب آنے سے فصلوں کو بھی بہت نقصان ہوا ہے،پورے سندھ میں تباہی ہونے کے باعث سندھ حکومت کی جانب سے ان تمام کی مدد کرنا مشکل ہے جب تک آپ جیسے ملک، نیشنل و انٹر نیشنل فلاحی تنظیمیں  تعاون نہ کریں۔

انہوں نے بتایا کے ہمیں اس وقت بھی راشن اور ٹینٹ کی بہت زیادہ ضرورت ہے اس پر وفد کی جانب سے مزید فوڈ پیکٹ کے ساتھ ٹینٹ بھی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی اس موقع پر ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر سلیم شیخ و دیگر افسران موجود تھے۔