فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کی جانب سے 600 خاندانوں کا راشن پاک آرمی کے حوالے کیا گیا

32

رحیم یار خان،08 ستمبر(اے پی پی): فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ گوٹھ ماچھی نے ہمیشہ کی طرح اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے موجودہ صورتحال میں سیلاب زدگان کیلئے مکمل تعاون کرنے اور اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم کیا ہے۔ اسی حوالے سے ایف ایف سی گوٹھ ماچھی کی طرف سے جعفرآباد اور کندھ کوٹ میں سیلاب زدگان کیلئے 600 خاندانوں کا راشن پاک آرمی کے حوالے کیا گیا ہے۔

اس مو قع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریزیڈنٹ منیجر ایف ایف سی گوٹھ ماچھی بریگیڈئیر طلعت محمود جنجوعہ (ریٹائیرڈ) نےکہا کہ راشن بیگز بلوچستان کے ضلع جعفرآباد اور سندھ کی  تحصیل کندھ کوٹ میں پاک آرمی کشتیوں اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے ان سیلاب زدگان تک پہنچائے گی۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ معیار کی وافر  مقدار میں خورد و نوش کی اشیاء کے ساتھ پینے کا صاف پانی بھی مہیا  کیا گیاہے اور ایک راشن بیگ ایک کنبہ کی ایک ماہ کی ضروریات کے لیے کافی ہے۔

بریگیڈئر طلعت محمود جنجوعہ(ریٹائیرڈ)  نے کہا کہ ایف ایف سی ٹاؤن شپ کے مکینوں کی جانب سے بھی کپڑے،جوتے اور دیگر روز مرہ کے استعمال کا سامان بڑی تعداد میں عطیہ کیا گیا ہے جو مشکلات سے دوچار ہمارے بہن بھائیوں کے لیے مدد گار ثابت ہو گا۔

ریذیڈنٹ منیجر ، ایف ایف سی نے کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی تک فوجی فر ٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ ماضی قریب و بعید کی طرح اپنے بھر پور کردار کو جاری رکھے گی۔