اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ جرمنی کی اے ایچ کے نیٹ ورکنگ کی جانب سے پاکستان میں سرگرمیوں کا آغاز خوش آئند ہے جس سے جرمنی کے مختلف کاروباری افراد کی پاکستان میں رسائی آسان ہو جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں جرمنی کی نیٹ ورکنگ کمپنی اے ایچ کے کی جانب سے سرگرمیوں کے آغاز پر تقریب میں کیا۔ وفاقی وزیر سید نوید قمر نے کہا کہ اس اقدام سے جرمنی کی پاکستان میں انوسٹمنٹ کا راستہ کھلے گا۔انہوں نے کہا کہ جرمنی نے دنیا میں اپنا منفرد مقام بنایا ہے اور پاکستان میں کاروبار اور انوسٹمنٹ کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں جرمنی کے نئے سفیر کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں اور اے ایچ جرمنی کی پاکستان میں آمد خوش آئند ہے، اس سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری مواقع پیدا ہوں گے۔











