حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے 979ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریب کا افتتاح   

23

لاہور 15ستمبر( اے پی پی )  حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے 979ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریب کا افتتاح سیّدرفاقت علی گیلانی معاون خصوصی برائے اوقاف پنجاب، میاں ابرار احمد سیکرٹری اوقاف اور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ڈائریکٹر جنرل اوقاف نے مزار اقدس پر چادر پوشی سے کیا۔اس موقع پرایڈمنسٹریٹر داتا دربارشاہد حمید ورک، آصف اعجاز،شیخ قیوم،منیجر شیخ جمیل، طاہر مسعود، و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ دربار کے احاطہ،گردو جوار میں درود و سلام کی صدائیں گونجتی رہی۔ حضرت داتا گنج بخشؒ کے 979ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر محکمہ اوقاف کے زیرانتظام تین روزہ “سبیل دودھ “کاا فتتاح سیّرفاقت علی گیلانی معاون خصوصی برائے ا وقاف پنجاب، میاں ابرار احمد سیکرٹری اوقاف اور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ڈائریکٹر جنرل اوقاف نے بھی کیا۔اس موقع پرسیّدرفاقت علی گیلانی معاون خصوصی برائے ا وقاف پنجا ب نے میڈیانمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  حضرت داتا گنج بخش ؒ کا وضع کردہ “صوفیانہ اندازِ فکر و عمل ” اپنانا وقت کا اہم تقاضا ہے، تاکہ موجودہ دور میں افتراک، انتشار، انتہا پسندی اور دہشت گردی جیسے مفاسد کا قلع قمع ممکن ہو سکے۔دورِ جدید میں نت نئی توجیحات اور تعبیرات، جن کے سبب، دین سے الگ ایک ایسا انسٹیٹیوشن بنانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، جس کے مطابق تصوّف اور روحانیت کو شریعت سے متصادم اور متحارب کر کے پیش کیا جا رہا ہے، جو کہ قابلِ مذمت امرہے۔ حضرت داتا صاحبؒ نے ایک ہاتھ میں شریعت اور ایک میں طریقت ایک ہاتھ میں قرآن اور دوسرے ہاتھ میں سنت کو تھامنے کی تلقین فرمائی،اسی پر کاربند رہنا اُمّتِ مسلمہ کے لیے فلاحِ دارین کی ضمانت ہے۔ حضرت داتا گنج بخش کا نظریہئ اخلاق وتصوّف،دین و شریعت کی توقیر اور ترویج پر یقین رکھتا ہے۔اس موقع پرمفتی محمدرمضان سیالوی خطیب داتاؒ دربارملک وملت کی فلاح وبہود کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔سیّدرفاقت علی گیلانی معاون خصوصی، میاں ابرار احمد سیکرٹری اوقاف نے ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ڈائریکٹر جنرل کی لکھی تصنیف کی رونمائی بھی کی۔