حیدرآباد۔8ستمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ میں نے اپنی زندگی میں ایسی آفت نہیں دیکھی، ہماری حکومت اور پوری مشینری بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے، دانستر ہ سے پانی نکلو کر دریائے سندھ میں جارہا ہے، تاہم ہمارے انجینئرز اور ماہرین کا کہنا ہے کہ چند روز مزید انتظار کیا جائے تاکہ دریاء میں پانی کی سطح کم ہو ، اس کے بعد پانی چھوڑا جائے تو کچھ ریلیف مل سکتا ہے، جبکہ مزید پانی آ نے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیہون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 5 یونین کونسلیں ڈوب چکی ہیں اور انڈس لنک روڈ کو کٹ لگنے کے بعد ٹلٹی اور بمبھا دو مزید یونین کونسلز متاثر ہوئی ہیں، جبکہ بھان سید آباد کی جانب بھی پانی بڑ ھ رہا ہے، لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں ہماری کوششیں ہیں کہ بھان سید آباد کو بچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور محکمہ آبپاشی کے انجینئرز کے ساتھ اجلاس کے دوران انہوں نے بتایا کہ پانی ہمارے اندازے سے زیادہ ہے اور ہمیں انتہائی احتیاط کرنی چاہیے ۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ میڈیا غلط رپورٹنگ نہ کرے اور ان حالات کو سنجیدگی سے لے اور تنقید کریں مگر ایسی تنقید نہ کی جائے جس سے بین الاقوامی اداروں کو یہ تاثرجائے کہ یہاں سب کچھ فیل ہو چکا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بڑی آفت ہے میں نے اپنی زندگی میں ایسی آفت نہیں دیکھی ہماری حکومت اور پوری مشینری بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے ۔