شعبہ زراعت کی ترقی انتہائی اہمیت کی حامل ہے،محمد نواز خان میکن

21

فیصل آباد 29ستمبر  (اے پی پی):موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر ملکی غذائی تحفظ اور معاشی استحکام کے حصول کیلئے شعبہ زراعت کی ترقی انتہائی اہمیت کی حامل ہے جبکہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے قیام کے مقاصد میں موسمیاتی تغیرات سے ہم آہنگ فصلات کی زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل نئی اقسام کی تیاری و پیداوری ٹیکنالوجی کو عام کاشتکاروں میں متعارف کروانا شامل ہے  جدید پیداواری ٹیکنالوجی پر عمل پیرا ہو کر مختلف فصلات کو ہونے والے نقصانات کو کم کرنا اور کاشتکاروں کی زرعی آمدن میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہارچیف سائنٹسٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد محمد نواز خاں میکن نے پیسٹی سائیڈز ٹیکنیکل سب کمیٹی برائے سٹینڈرڈائزیشن آف پلانٹ پروٹیکشن میٹریل کے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیئرمین شعبہ انٹامالوجی زرعی یونیورسٹی فیصل آبادڈاکٹر سہیل احمدچیف سائنٹسٹ شعبہ حشرات آری فیصل آباد ڈاکٹر قربان علی، چیف سائنٹسٹ ریفرنس لیبارٹری کا لا شاہ کاکو ڈاکٹر سرفراز حسین، چیف سائنٹسٹ شعبہ پلانٹ پتھالوجی آری فیصل آباد ڈاکٹر اظہر اقبال،چیف سائنٹسٹ شعبہ اگرانومی ڈاکٹر محمد موسی، ماہر جڑی بوٹی مارآری فیصل آباد محمد عاشق، ڈپٹی ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر عامر رسول اورڈپٹی ڈائریکٹر ریسرچ انفارمیشن فیصل آباد ڈاکٹر آصف علی سمیت ماہرین حشرات، آری، فیصل آباداور پرائیویٹ پیسٹی سائیڈز کمپنیوں کے نمائندگان کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔ چیف سائنٹسٹ شعبہ حشرات آری فیصل آباد ڈاکٹر قربان علی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ اجلاس میں کل93 زرعی ادویات کے تجربات کے نتائج پیش کئے گئے ہیں جن میں کیڑے مار ادویات کے 44جڑی بوٹی مار ادویات کے 26، پھپھوندکش زرعی ادویات کے 6 اور لیبل تبدیلی زرعی ادویات کے 17شامل ہیں۔ اجلاس میں زرعی ادویات کی پروسیسنگ فیس کی مد میں 25فیصد اضافہ کی منظوری بھی دی گئی۔