اوکاڑہ،07ستمبر(ا ے پی پی ):ڈپٹی کمشنرعرفان علی کاٹھیا نے کہا ہےکہ ضلعی امن کمیٹی محبت،امن وآشتی،وحدت اور بھائی چارہ کا انتہائی خوبصورت فورم ہے، اوکاڑہ کےعلماءومشائخ اورامن کمیٹی کےاراکین نے ضلع میں امن کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے ہمیشہ سے جو کردار ادا کیا ہے وہ لائق تحسین اور قابل تقلید ہے، ضلعی امن کمیٹی کا ہر رکن انتظامیہ کا لازم و ملزوم حصہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مولانہ عبد المنان عثمانی،قاری سعید عثمانی،محمد حسان صدیقی،مولانہ ظفر اللہ قمر لکھوی،سید کوثر رضوی،قاری حفیظ اللہ بلوچ،رائے احمد حسن، سیدامیرحسین نقوی، راؤعتیق گوہر،حبیب اللہ چوراہی،صداقت بھٹی،ڈاکٹر افضال حیدر سمیت اراکین ضلعی امن کمیٹی متعلقہ سرکاری اداروں کے ضلعی سربراہان نے شرکت کی۔
اراکین امن کمیٹی نے ضلع میں امن و آشتی کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ۔انہوں نے ضلع میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے سلسلہ میں ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے انعقاد میں اپنی بھر پور معاونت اور تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلع اوکاڑہ کو امن کا گہوارہ بنائے رکھنے میں وہ کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے تمام متعلقہ اداروں کوہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی، عارضی تجاوزات کے خاتمہ، سڑکوں کی مرمت،لٹکتی تاروں کو اونچا کرنے سمیت بجلی کی بلا تعطل فراہمی رات کے وقت روشنی کے بہترین انتظامات اور طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ اراکین ضلعی امن کمیٹی کی تمام قابل عمل تجاویز پر عملد رآمد کو یقینی بنائے گی۔
بعد ازاں ملک میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔











