لاہور، 08 ستمبر(اے پی پی):سینئر صوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال کی زیر صدات 90شاہراہ قائد اعظم پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی دارلحکومت کو خوبصورت اور سرسبزو شاداب شہر بنانے کے لئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کو تجاوزات سے پاک کرکے خوبصورت بنایا جائے گا۔ انہوں نے شہر کے سرکاری گراؤنڈز میں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے اورگرین بیلٹس، بڑی سڑکوں اور ہاؤسنگ سوسائیٹوں میں بھی بھر پور شجر کاری کرنے کی ہدایت کی۔
سینئر صوبائی وزیر نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں صفائی کی صورتحال کوبھی بہتر بنانے اورموثر ٹریفک مینجمنٹ کے ذریعے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا جائے،شجر کاری اور صفائی کے معاملات میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی ادارے شہر کی خوبصورتی بڑھانے کے لئے مربوط انداز میں کام کریں۔
ڈی جی ایل ڈے اے عامر احمد خان، ڈی جی پی ایچ اے، سی ٹی او اور ترقیاتی اداروں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔











