لاہور ،15 ستمبر(اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر امور کشمیر وگلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں متاثرین کو امداد این ڈی ایم اے کے ذریعے پہنچ رہی ہے، متاثرین کو امداد ان کے نقصان کے مقابلے میں بہت کم ہے، نقصانات کا سروے کیا جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں اے پی پی اور پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے وفاقی حکومت اپنے تمام تر وسائل بروکار لا رہی ہے اور یہ امداد متاثرین تک پاک فوج کے ذریعے دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ملک میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 25ہزار روپے دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب، خیبر پختونخواہ،بلوچستان اور سندھ کی صوبائی حکومتیں بھی سیلاب متاثرین کو امداد دے رہیں ہیں اور ہمیں سیلاب متاثرین کی مشکلات کا بخوابی انداز ہ ہے کہ وہ جس طرح کھلے آسمان کے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، ان کی زندگی کی ساری جمع پونجی سیلاب بہا کر لے گیا ہے۔