ملتان، 06 ستمبر (اے پی پی): انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس خالد محمودکےویژن کےمطابق ڈپٹی انسپکٹرجنرل موٹروے سنٹرل 2 زون شاہد جاوید کی ہدایت پر یوم دفاع کے موقع پر موٹروے ایم فور سیکٹر آفس میں شہداءکے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور دعا کرائی گئی۔
سیکٹر کمانڈر عاطف چوہدری ،بیٹ کمانڈر محمد حسن بھٹی نے سیکٹر آفس میں شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا جس میں افسران اور جوانوں نے شرکت کی ۔
بیٹ کمانڈر محمد حسن بھٹی کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر پورے ملک کی طرح خانیوال میں بھی وطن عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خانی کرائی جا رہی ہے، شہداء کے درجات کی بلندی اورمملکت خداداد کی دن دگنی اور رات چوگنی تعمیر و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کرائی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن کو ہم تجدید عہد کے دن کے طور پربھی منا رہے ہیں کہ ہم وطن عزیز کی آن شان اور بان کی حفاظت کے لیے بحیثیت قوم اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کر دیں گے مگر وطن عزیز پاکستان کی طرف کسی کومیلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دیں گے ۔
بیٹ کمانڈر محمد حسن بھٹی نے کہا کہ ہمارےشہداء ہمارا فخر ہیں، جنہوں نے ہمارے کل کے لیے اپنا آج قربان کیا، نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس بطور ادارہ ایسے عظیم سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہے اور ان کی خاندانوں کے لئے دعا گو ہے۔











