چھ ستمبر 2022 یوم دفاع پاکستان، تقاریب کیوں منسوخ ہوئیں؟

14

اسلام آباد، 06 ستمبر (اے پی پی):قوم ہر سال چھ ستمبر کو یوم دفاع پاکستان اور یوم شہداء کے طور پر پورے  جوش و خروش اور جذبے کے ساتھ مناتی ہے، اس سلسلے میں ملک بھر میں سرکاری اور غیر سرکاری  سطح پر تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔اس سلسلے کی سب سے بڑی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوتی ہے جبکہ ملک کے دیگر مقامات پر بھی تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

اس وقت ملک کا بیشتر حصہ سیلاب سے شدید متاثر ہے۔ سیلاب زدہ علاقوں کے لوگ شدید پریشانی اور کسمپرسی کا شکار ہیں، اپنے ان متاثرہ بھائیوں کی امداد اور ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے رواں برس یوم دفاع پاکستان اور یوم شہداء کی تمام تقاریب کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔

 سیلاب سے متاثرہ اپنے ہم وطنوں کی مشکلات  کے پیش نظر نجی سطح پر ہونے والی بہت سی تقاریب کو بھی منسوخ کرتے ہوئے ان پر ہونے والے اخراجات سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کر کے اخوت  اور اسلامی بھائی چارے کی مثال قائم کی ہے جو ایک احسن اقدام ہے۔یہ ملک ہماری پہچان ہے اور اس مشکل گھڑی میں اپنے بھائیوں کی مشکلات کا حل اور دکھوں کا احساس کرتے ہوئے ان کی مدد اور داد رسی ہماری مذہبی اور قومی ذمہ داری کے ساتھ ایک انسانی فریضہ بھی ہے۔