لاہور،17 ستمبر ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے ایم این اے سردار محمد خان لغاری سے ان کے والد سابق ضلع ناظم ڈیرہ غازی خان سردارمقصود لغاری کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور سردار مقصود لغاری مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ سردار مقصود لغاری مرحوم سے عزت و احترام کا رشتہ تھا ،سردار مقصود لغاری کے انتقال سے دیرینہ اور مخلص ساتھی سے محروم ہو گیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کی تعمیر و ترقی میں سردار مقصود لغاری کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اورلواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب محمد خان بھٹی، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی جی ایم سکندر اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اسد اللہ خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔