وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے ایئر وائس مارشل ظفر اسلم کی ملاقات

14

لاہور،21 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے ائیر آفیسر کمانڈنگ، سنٹرل ائیر کمانڈ، پاکستان ایئر فورس،ایئر وائس مارشل ظفر اسلم نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اوربحالی کے کاموں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے سیلاب زدگان کی مدد و بحالی کیلئے ائیرفورس کی گراں قدر خدمات پر ائیر وائس مارشل ظفر اسلم کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کے لئے مشترکہ اقدامات کو مزید موثر انداز میں جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ائیرفورس کی جانب سے بروقت سرگرمیاں شروع کرکے لوگوں کو ریسکیوکیاگیا۔ میں پنجاب حکومت کی جا نب سے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ائیر فورس کے افسروں اورجوانوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔  انھوں نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی بحالی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان ائیرفورس کے ساتھ ملکرمصیبت زدہ بہن بھائیوں کو ریلیف کی فراہمی جاری رکھیں گے۔ ایئر وائس مارشل ظفر اسلم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ائیر فورس سیلاب متاثرہ علاقوں میں پنجاب حکومت کے ساتھ ملکر بحالی و آبادکاری کے کاموں میں پورا سپورٹ کرے گی۔   وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پاکستان ایئر فورس کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کوبھی سراہا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سماجی ترقی کیلئے پاکستان ایئر فورس کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ وطن عزیز کی فضائی حدود کی حفاظت کا فریضہ سر انجام دینے کے ساتھ قومی تعمیر و ترقی کے شعبوں میں پاک فضائیہ کی بے مثال خدمات قابل تحسین ہیں۔