اسلام آباد،8ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے اور ہوابازی خواجہ سعد رفیق سے پاکستان میں کرغزستان کے سفیر توتییف او لینبیک اسن کوویچ اولینبک اور پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرذہان کیستافن نے جمعرات کو یہاں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔خواجہ سعد رفیق نے دونوں معززین کا خیرمقدم کرتے ہوئے مختلف باہمی دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں بالخصوص ریلوے اور ایوی ایشن میں تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے پورے وسطی ایشیا کے ساتھ قازقستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان براہ راست فضائی رابطہ کی ترقی ضروری ہے اور اس پر وزارت ہوا بازی کو فوری طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی مسلمان ہونے کے ناطے وسطی ایشیائی خطے سے گہری مذہبی وابستگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے معززین کو ریلوے کے نظام کی اپ گریڈیشن کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا جن میں بنیادی طور پر ایم ایل ، تھر کول کنیکٹیویٹی ٹرانس آن ریلوے اور دیگر مسافروں اور مال بردار خدمات میں بہتری کے اقدامات شامل ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان تجارت کو خاص طور پر فائدہ پہنچے گا۔
دونوں مندوبین نے حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر پاکستان کی حکومت اور عوام سے اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور ملک میں مون سون کی اتنی شدید بارشوں سے ہونے والے جانی نقصان پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ دونوں سفیروں نے پاکستان میں ریلوے اور ایوی ایشن کی صنعتوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور ان صنعتوں میں حکومت پاکستان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔