وہاڑی؛ عالمی یوم خواندگی کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد، اساتذہ اور بچوں میں تعریفی اسناد تقسیم کی  گئیں

5

وہاڑی ، 03 ستمبر  (اے پی پی ):حکومت پنجاب کی ہدایت پر عالمی یوم خواندگی کی مناسبت سے ضلع کونسل ہال وہاڑی میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید وسیم حسن نے کی۔

 اس موقع پر سید وسیم حسن کا کہنا تھا کہ عالمی یوم خواندگی منانے کا مقصد تعلیم کو فروغ دینا ہے کیونکہ اسلام میں تعلیم کی بہت اہمیت ہے اور رسول پاک ؐ نے ہمیشہ اہل علم کی محافل کو ترجیح دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سب نے مل کر پاکستان میں شرح خواندگی کو بڑھانا ہے،شرح خواندگی بڑھا کر ہی پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

سی ای او ایجوکیشن محمد اسلم اعجاز،  سپرنٹنڈنٹ جیل کامران حیدر اعوان،ڈی او لٹریسی ماجد اقبال کا کہنا تھا کہ کسی بھی قوم کی ترقی میں تعلیم کا ہونا بہت ضروری ہے اور ترقی یافتہ ممالک نے ہمیشہ تعلیم پر خصوصی توجہ دی ہے۔

 مقررین کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک میں خواندگی کی شرح بہت کم ہے۔ اس طرح پنجاب کی شرح خواندگی 64فیصد جبکہ ضلع وہاڑی کی شرح خواندگی 55فیصد ہے۔انکا کہناتھا کہ ضلع وہاڑی میں 410خواندگی سکول ہیں جس میں 15ہزار طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں،40تعلیم بالغ سکول ہیں جن میں ایک ہزار افراد تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے لٹریسی اساتذہ اور بچوں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔