ٹنڈو محمد خان میں برسات سے آٹھ لاکھ افراد متاثر ہوئے ، بحالی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں؛ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ

6

ٹنڈو محمد خان، 15 ستمبر(اے پی پی):وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ٹنڈو محمد خان میں برسات سے آٹھ لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جن کی بحالی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ،ہماری کوشش ہے کہ سندھ بھر میں قائم خیمہ بستیوں میں تمام تر سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

 ان خیالات کا  اظہار انہوں نے   جمعرات کو یہاں   مقبرو شریف پر قائم ٹینٹ سٹی کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حالیہ برساتوں نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، 2010 اور 2020 میں جو بارشیں ہوئیں تھیں اور سیلاب آیا تھا وہ حالیہ برساتوں سے بہت کم ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہمیں برساتوں کا تو پتہ تھا لیکن اس سے ہونے والے نقصان کا اندازہ نہیں تھا، سندھ میں برساتی پانی کی نکاسی کے لئے کوئی بندوبست نہیں ہے لیکن مستقبل میں ضرور ان پر کام کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے،متاثرین کو خیمے، راشن کی فراہمی سمیت دیگر ضروریات کا سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے متاثرین سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر، صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو، ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری، ایم پی اے عبدالکریم سومرو سمیت دیگر بھی موجود تھے۔