اقوام متحدہ کی کنٹری ڈائریکٹر برائے خوراک مس فلورنس کا وفد کے  ہمراہ تھرپارکر کا دورہ

2

تھرپارکر،15 ستمبر (اے پی پی ):پاکستان میں اقوام متحدہ کی کنٹری ڈائریکٹر برائے خوراک و زراعت مس فلورنس نے  وفد کے  ہمراہ تھرپارکر کا دورہ کیا۔ وفد کو تھرپارکر کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں کی جانے والی امدادی سرگرمیوں اور خوراک و زراعت کے شعبے کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا  گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر حفیظ احمد سیال نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران ضلع تھرپارکر کا بیراجی علاقہ  سیلاب کی وجہ سے شدید متاثر ہوا ہے جس سے نہ صرف لوگ متاثر ہوئے ہیں بلکہ فصلیں اور مال مویشی  بھی متاثر ہوئی ہیں،حکومت سندھ اور ضلع انتظامیہ تھرپارکر کی جانب سے  نکاسی آب کے ساتھ ساتھ  متاثرین کی مدد کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ جس میں متاثرین کی امداد، بچاؤ اور بحالی کے لیے اقدامات کرنا شامل ہیں ۔

ڈپٹی کمشنر تھرپارکر حفیظ احمد سیال نے  کہا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے بارش کا پانی ڈھورو پاران، ایل بی او ڈی کے ذریعے سمندر میں جاتا ہے تاہم اس سال شدید بارشوں کے باعث ڈھورو پران  اور ایل بی او ڈی میں پانی گنجائش سے زیادہ تھا جس کی وجہ سے تھر کے بیراجی علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ سندھ حکومت ڈھورو پاراں اور ایل بی او ڈی سے پانی نکالنے،بندوں  کو مضبوط بنانے اور مستقل متبادل حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ سیلاب سے بیراجی علاقے سے تقریبن 13 ہزار لوگ متاثر ہوئے ہیں جبکہ قریبی اضلاع میرپورخاص، عمرکوٹ، بدین اضلاع کے سیلاب متاثرین بھی تھرپارکر آ رہے ہیں اور ان کی رجسٹریشن بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ضلع انتظامیہ تھرپارکر کی جانب سے نوکوٹ قلعے کے کیٹل فارم میں متاثرین کے لئے ٹینٹ سٹی قائم کرکے  پکا ہوا کھانا، پانی اور صحت کی سہولیات مفت فراہم کر رہے ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر تھرپارکر حفیظ احمد سیال نے وفد کو بتایا کہ ضلع تھرپارکر کے لوگوں کا گذر سفر مال مویشی پر ہے اس سلسلے میں محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے جانوروں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کے لیے 89 ویٹرنری سینٹرز اور  گشتی موبائل  ٹیمیوں  کی مدد سے  ویکسی نیشن کا کام جاری ہے۔ جانوروں کا دودھ منڈی تک پہنچانے کے لیے محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے مختلف علاقوں میں کولڈ چین چلر پلانٹس بھی لگائے گئے ہیں۔ زراعت کے حوالے سے یہاں کے لوگ بارش کے پانی پر فصلیں اور سبزیاں اُگاتے ہیں جن میں گندم، جوار، باجرہ ، گوار، مٹر اور دیگر سبزیاں شامل ہیں۔

 اس موقع پر پاکستان میں اقوام متحدہ کی کنٹری ڈائریکٹر برائے خوراک و زراعت فلورنس اور آنے والے وفد نے سیلاب زدگان کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کے مشترکہ تعاون سے تھر میں خوراک اور زراعت کے شعبے کو مزید فروغ دینے کے لئے اقدامات کیے جائیں گے۔

 اس موقع پر صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اشفاق احمد نایو ، صوبہ کی سربراہ ڈاکٹر روبینہ وہاج، نعیم اقبال، ڈسٹرکٹ ٹیم لیڈر تھرپارکر غلام مرتضیٰ لاشاری اور ضلعی افسران موجود تھے۔