پاکستان اور امریکا کےدرمیان کرکٹ کا شراکتی معاہدہ،پاکستان امریکاکو مددکے ساتھ  افرادی قوت بھی دے گا،امریکی قونصلیٹ

19

ملتان،14ستمبر(اے پی پی): پاکستان اور امریکا کےدرمیان کرکٹ کا شراکتی معاہدہ ، پاکستان امریکا کوکرکٹ میں نہ صرف مدد دے گا بلکہ ساتھ میں  افرادی قوت بھی دے گا۔ان خیالات کا اظہار  پاکستان میں مقیم امریکی قونصلیٹ ولیم میکنول نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے پاکستان کی ثقافتی،سیاسی،سیاحتی،سپورٹس اوردیگر سرگرمیوں کی شراکت داری پر بھی اظہارخیال کیا۔

ایک سوال کے جواب میں امریکی قونصلیٹ نے کہا ہے کہ واشنگٹن اور اسلام آباد دیگر شراکت داری کی طرح کرکٹ پر بھی ایک پیج پر آگئے ہیں۔

کرکٹ میں پاکستان کا بڑا نام ،مقام ہے۔ہم نے آئی سی سی کے ایونٹ ورلڈ ٹی 20 کپ 2024 کی میزبانی حاصل کی ہے اور ہم اس کے لئے پاکستان سے مدد لیں گے،اس لئے کہ پاکستان کے پاس میزبانی سے لے کر ہر بات کا تجربہ موجود ہے۔میرا ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ ہم پاکستان میں ہونے والی کرکٹ کو قریب سے مانیٹر کررہے ہیں اور دیکھ رہے کہ کس انداز میں یہ سب آرگنائز ہوتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ میرایہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کرکٹ کے علاوہ کسی اور مقصد کے لئے نہیں ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں امریکی نمائندہ کے طور پر بڑے وثوق سے یہ بات کہہ رہا ہوں کہ کرکٹ کو لے کر دونوں ممالک ایک ہیں۔اس کے علاوہ دیگرکھیلوں کے فروغ کے لئے بھی مل کر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ امریکا میں ایک نئے کھیل کے طورپر ابھررہا ہے۔ہم 2024 میں ہونے والے آئی سی سی مینز ورلڈ ٹی 20 کپ کو لے کر بہت پرجوش ہیں۔واشنگٹن اور اسلام آباد اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے مسلسل رابطے میں ہیں۔یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ پاکستان ا ور خاص کرجنوبی پنجاب میں ویمنز کرکٹ کوفروغ دیا جارہا ہے۔امریکا کرکٹ باڈی کے لئے ہوم ورک شروع کردیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہمارے اور پاکستانی عوام میں اگر کوئی تلخی ہے بھی تو یہ کرکٹ پوری قوم کو جیسے ایک کردیتی ہے،ہمیں امید ہے کہ کرکٹ سے ہمارے اور پاکستانی عوام کے تعلقات بہتر ہونگے،اگر کچھ ہے تو بھی بھلادیا جائے گا۔اسلام آباد کی امریکن ایمیسی بہت جلد اس بات کو یقینی بنائے گی کہ یہاں کے لوگ امریکا جاکر کرکٹ کے فروغ کے لئے ہونے والے اقدامات کا جائزہ لیں اور اس میں معاون بنیں۔

آئی سی سی گزشتہ برس اپنے اگلے 8 سالہ ایف ٹی پی کے تمام ایونٹس کے میزبان فائنل کرچکا ہے۔اس سلسلہ میں ویسٹ انڈیز نے امریکا کے ساتھ مل کر 2024 کی میزبانی کرنی ہے۔