پاک فضائیہ کیجانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف کارروائیاں جاری، فیلڈ میڈیکل کیمپس قائم

6

اسلام آباد،14ستمبر (اے پی پی ):  پاک فضائیہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے مصائب سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کی بہبود اور بحالی کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔ پاک فضائیہ  بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا اور جنوبی پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں بھرپور طریقے سے امدادی کارروائیاں اور ریسکیو کے عمل میں سول انتظامیہ کی مدد کرکے ریاستی اداروں کو مزید فعال کر رہی ہے۔

 پاک فضائیہ نے  فیلڈ میڈیکل کیمپس بھی قائم کیئے ہیں جہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف چوبیس گھنٹے سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات اور مفت ادویات فراہم کر رہے ہیں۔ امدادی کارروائیوں کے دوران پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے تیار کھانا،  خشک راشن اور دیگر اشیائے ضروریہ تقسیم کیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹھال، لاکھڑا، مٹیاری، شہداد کوٹ، صحبت پور، قلعہ عبداللہ، فاضل پور، جھل مگسی، حاجی پور، بستی شیر محمد اور بستی جاگیر گبول کے ضرورت مند خاندانوں میں 15719 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ، 507 پانی کی بوتلیں اور 3415 خشک  راشن کے پیکٹ تقسیم کیئے۔

 پاک فضائیہ کی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں سیلاب میں پھنسے لوگوں کے باحفاظت انخلاء میں مسلسل مصروف عمل ہیں۔ پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے 2416 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔

پاک فضائیہ قدرتی آفات کے دوران انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ حالیہ امدادی کارروائیاں ضرورت کی اس گھڑی میں ہم وطنوں کی مدد کے لیے پاک فضائیہ کے عزم کا عملی نمونہ ہیں۔