پاکستان اور جاپان اہم تجارتی شراکت دار ہیں، جاپان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: نوید قمر

10

اسلام آباد،29ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان اہم تجارتی شراکت دار ہیں ،پاکستان جاپان کے تعاون کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مقامی ہوٹل میں ساتویں جاپان۔پاکستان جوائنٹ بزنس ڈائیلاگ کے موقع پر اپنے ابتدائی کلمات میں کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت نوید قمر نے جاپانی وفد کے رہنما و پارلیمانی  نائب وزیر برائے اقتصادیات ، تجارت اور صنعت ریوجی ستومی کا خیرمقدم کیا۔

وفاقی وزیر برائے تجارت سید نوید قمر نے کہا کہ یہ مشترکہ مذاکرات پاکستان اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹوموبائل ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، الیکٹرانکس، کنسٹرکشن، فنانس وغیرہ جیسے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی جاپانی فرموں کو پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے دیکھنا ان کیلئے باعث اطمینان ہے۔

 اس موقع پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ میں تعاون کیلئے ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔

اجلاس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان باضابطہ بات چیت ہوئی۔ پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی سیکرٹری برائے تجارت صالح احمد فاروق نے کی۔ اس موقع پر تجارت، زراعت، ماہی گیری، سرمایہ کاری، انجینئرنگ سیکٹر، توانائی کی کارکردگی، معیارات کی تعمیر اور تکنیکی تعاون کے شعبے زیر بحث آئے۔

دونوں فریقین نے کورونا وبائی امراض کی وجہ سے عالمی رکاوٹوں اور چیلنجوں کے باوجود دوطرفہ تجارت میں ترقی کی مسلسل صحت مند رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں اطراف نے تجارت سے متعلق تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید بڑھانے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔