ڈینگی وباء کا خاتمہ عوامی تعاون سے ہی ممکن ہے؛ ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر حسن وقار چیمہ

14

اٹک،29 ستمبر (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے کہا ہے کہ ڈینگی وباء کا خاتمہ عوامی تعاون سے ہی ممکن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس اٹک میں ڈینگی کے حوالہ سے میڈیا بریفنگ کے موقع پر کیا۔ ڈی سی اٹک نے میڈیا کو بتایا کہ ڈینگی کے علاج کیلئے ہسپتالوں میں اسپیشل وارڈز قائم کیے گئے ہیں جہاں پر ڈینگی مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر بستروں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ ضلع اٹک میں ڈینگی کے 4184 مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے 43 کی رپورٹس مثبت آئی ہیں،344انڈور ٹیمزاور 73 آؤٹ ڈور ٹیمز نے 75 یونین کونسلوں میں 2,21,000 سے زائد گھروں کا معائنہ کیا اور معائنوں کے دوران 479 مقامات پر ڈینگی لاروہ پایا گیا۔انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم کی سرگرمیوں کے دوران 157 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 48 جگہوں کو سیل کیا گیا اور 5لاکھ 13 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

  مختلف سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے ڈی سی اٹک ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ ڈینگی کے لیب ٹیسٹ اور بروقت نتائج کیلئے ان لیبارٹریوں کی استعداد کار بڑھایا جائے گی تاکہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ عوام اس سے مستفید ہو سکے۔

ڈینگی سپرے کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈی سی اٹک نے کہا کہ ضلع بھر میں ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کر دی گئی ہے اور وہاں پر ہنگامی بنیادوں پر سپرے کیا جا رہا ہے موجودہ حالات کی بخوبی نگرانی کرنے کے لئے ضلع اور تحصیل سطح پر کنٹرول رومز بھی قائم کیے گئے ہیں جو عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت فعال ہیں۔

اٹک شہر کی صفائی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر کی صفائی کے مسائل کو بھی جلد حل کیا جائے گا اور اس ضمن میں انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دی ہیں اور وہ بہت جلد خود بھی اچانک صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

ڈاکٹروں کے سرکاری اوقات کار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کے ڈیوٹی روسٹرز موجود ہیں اور اگر کوئی متعلقہ ڈاکٹر ڈیوٹی پرموجود نہ ہو تو اس کے بارے میں سی ای او ہیلتھ اٹک یا ان کے دفتر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

میڈیکل ریپس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی سی اٹک نے کہا کے سرکاری ہسپتالوں میں ان کا داخلہ بند ہے اور اس موقع پر سی او ہیلتھ اٹک کو کڑی نگرانی رکھنے کی ہدایت کی۔

آخر میں ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں ڈینگی مچھر سے انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے، عوام کو چاہیے کہ وہ پوری آستینوں کے کپڑے پہنیں، مچھر مار سپرے اور مچھر مار لوشن کا بھرپور استعمال کریں اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک ذوالفقار احمد، اسسٹنٹ کمشنر اٹک ثمن عباس، سی ای او ہیلتھ اٹک ڈاکٹر جواد الٰہی،چیف آفیسر بلدیہ اٹک سردار آفتاب احمد خان، ڈسٹرکٹ اینٹو ملجسٹ محمد شفیق احمد، ڈسٹرکٹ رپورٹر اے پی پی نثار علی خان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔a