پاک فضائیہ کی جانب سے متاثرین سیلاب کی طبی امداد اور بحالی کی سرگرمیاں جاری

21

اسلام آباد،30ستمبر(اے پی پی): پاک فضائیہ کی جانب سے خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں طبی امداد، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔پاک فضائیہ اپنے میڈیکل کیمپوں اور موبائل میڈیکل ٹیموں کے ذریعے سیلاب زدگان کو ضروری طبی امداد فراہم کر رہی ہے جبکہ پاک فضائیہ کے میڈیکل لیب کلیکشن پوائنٹس بھی سیلاب متاثرین میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی تشخیص میں سرگرم عمل ہیں۔

پاک فضائیہ کے اہلکاروں نے ٹرانسپورٹ فلیٹ، ہیلی کاپٹروں اور کشتیوں کے ذریعے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے مقامی لوگوں کے انخلا میں مدد کی اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ پاک فضائیہ کے اہلکاروں نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں میں خشک راشن، پکا ہوا کھانا، پینے کا صاف پانی اور دیگر اشیاء خوردو نوش تقسیم کیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ نے ضرورت مند خاندانوں میں 18020 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ، 340 پانی کی بوتلیں اور 560 خشک راشن کے پیکٹ تقسیم کیئے۔ مفت خوراک اور رہائش کی فراہمی کے علاوہ پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے 878 مریضوں کا مفت طبی معائنہ بھی کیا۔