پنجاب میں مدراینڈچائلڈہسپتال بناکرماں اور بچہ کی صحت کو یقینی بنایاجائے گا؛صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد

8

لاہور۔19ستمبر ( اے پی پی ) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی محکمہ سپیشلائزہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں عالمی بنک کے وفدکے ساتھ اہم ملاقات ہوئی۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری محمد عثمان اورمیاں زاہدالرحمن موجودتھے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشداور عالمی بنک کے وفدکے درمیان پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے تبادلہ خیال ہوا۔عالمی بنک کے وفدنے پنجاب کی کسی ایک میڈیکل یونیورسٹی میں خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے ریسرچ پر خواہش کااظہاربھی کیا۔عالمی بنک کے وفدنے پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی کاوشوں کو سراہا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے بنیادی اقدامات اٹھارہاہے.پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظرعوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنی ہوں گی۔خاتون خانہ کے ساتھ ساتھ مردکو بھی خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت سے متعلق آگاہی فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آبادی میں اضافہ ایک سنگین مسئلہ بنتاجارہاہے.عالمی بنک کے ساتھ مل کر پنجاب کی ایک میڈیکل یونیورسٹی میں خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے ریسرچ کاآغازکیاجائے گا۔پنجاب میں ہیومن کیپیٹل پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈچائلڈہسپتال بنارہے ہیں.پنجاب کی آبادی میں اضافہ کے باعث ماضی کی کسی حکومت نے آج تک نئے سرکاری ہسپتال بنانے کا نہیں سوچا.پنجاب میں بڑے اور نئے23سرکاری ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔پنجاب میں مدراینڈچائلڈہسپتال بناکرماں اور بچہ کی صحت کو یقینی بنایاجائے گا۔پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔عالمی بنک کے وفدنےاظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے محکمہ صحت کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔پنجاب کی کسی ایک میڈیکل یونیورسٹی میں خاندانی منصوبہ بندی کے حوالہ سے محکمہ سپیشلائزہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن کے ساتھ باہمی پروجیکٹ لانچ کریں گے۔