کوئٹہ، 13 ستمبر (اے پی پی): فرینڈز آف چائنہ فورم کے چیئرمین بایزید کاسی نے کہا ہے کہ چائنہ کی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے بلوچستان کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی فراہمی احسن اقدام ہے جو اس بات کی دلیل ہے کہ چائنیز کمیونسٹ پارٹی مشکل کی اس گھڑی میں بلوچستان کے سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی میں چائنیز کمیونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کی جانب سے متاثرین سیلاب کے لئے بھیجے گئے اشیاء خوردونوش کی حوالگی کی ایک سادہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بایزید کاسی نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور لوگوں کی ایک بڑی تعداد بے گھر ہوچکی ہے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور غریب افراد نان شبینہ کے لیے پریشان ہیں ایسی سنگین صورتحال میں چائنیز کمیونسٹ پارٹی نے متاثرین سیلاب کی مدد و معاونت کا سلسلہ شروع کیا ہے اور چائنیز کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے بلوچستان کے متاثرین کیلئے اشیاء خوردونوش بھیجوائی گئی ہیں جو بے لوث دوستی کا اظہار ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا ضلع اوستہ محمد اور گرد ونواح میں بھی سیلاب اور بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اس لیے چائنیز کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے آج اشیاء خوردونوش قائمقام گورنر میر جان محمد جمالی کے توسط سے متاثرین کو دی جاررہی ہیں اس طرح چائنہ نے لازوال دوستی کے رشتے کی تجدید نو کرکے اس مشکل گھڑی میں ایک بار عملاً باور کرایا ہے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ کے پہاڑوں سے اونچی، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے بایزید کاسی نے کہا کہ بلوچستان سمیت پاکستان کے متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے چائنیز کمیونسٹ پارٹی کی عملی معاونت جاری رہے گی ۔