اسلام آباد،20ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سلطنت کمبوڈیاکے ورلڈ بریج گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین اور بورڈ آف ڈاریکٹرز پر مشتمل وفد کے اعزاز میں اپنی رہائشگاہ پر عشائیے کا اہتمام کیا۔عشائیے کی تقریب کے دوران پاکستان ،کمبوڈیا تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے اہم امور پر گفتگو کی گئی۔
چیئرمین سینیٹ نے عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوںممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ، دوطرفہ تجارت اور مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینا ہوگا اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط قائم کرنا اور تجارتی تقریبات میں شرکت کرنا مفید ثابت ہوگا۔ پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں میں وسعت پیدا کرنے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا ، پاکستان کی افرادی قوت اور تربیت یافتہ ورکرز سے استفادہ حاصل کر سکتا ہے اور پاکستان میں تجارت و سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری و تجارت کے حالات سازگار ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے یقین دلایا کہ پاکستان میں متعلقہ حکام اور پارلیمان ان کوششوں میں ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔ انہوں نے اس اْمید کا اظہار کیا کہ یہ دورہ ٹیکسٹائل اور گارمنٹس، پھل اور سبزیاں/ کھانے پینے کی اشیائ، دواسازی، رئیل اسٹیٹ، آلات جراحی، فرنیچر اور فرنشننگ، ماربل، کان کنی اور سیاحت سمیت موجودہ اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت فراہم کرے گا۔
عشائیے میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی،قائدحزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم کے علاوہ سینیٹرز شبلی فراز، فیصل سلیم رحمان،زرقہ تیمور سہروردی، نزہت صادق، سیمی ایزدی، فدا محمد ، ثنا جمالی، عمر فاروق، فوزیہ ارشد اور ذیشان خانزادہ نے شرکت کی۔