گلگت بلتستان کے تمام دس اضلاع میں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

14

گلگت،06 ستمبر  (اے پی پی): ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان کے تمام دس اضلاع میں یوم دفاع پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا،دن کا آغاز  گلگت میں پاک فوج کی جانب سے 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، مساجد میں فوج کے شہدا کے لیے قرآن خوانی اور ملکی استحکام کیلئے دعائیں مانگیں گئیں۔

اس سلسلے میں مختلف سیاسی ،سماجی اور عسکری تنظیموں کے زیر اہتمام خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جہاں پر وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور جانوں کی پرواہ نہ کرنے والے غازیوں کو خراجِ تحسین  پیش کیا گیا۔ اسی دن کی مناسبت سے گلگت بلتستان  کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں پر طلباء و طالبات نے قومی گیت اور ٹیلبوز پیش کئے۔

 یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں گلگت  گھڑی باغ سے ایک ریلی بھی نکالی گئی جس میں  شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر دفاع وطن کے حوالے سے نعرے درج تھے ۔

اس دوران مقررین نے اپنے خطاب میں پاک فوج کی لازوال قربانیوں  کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملکی سلامتی ،ترقی اور آپس کے بھائی چارے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔مقررین نے حالیہ سیلاب کے دوران  پاک فوج کے جوانوں نے جس طرح متاثرین سیلاب کی  مدد کی اسکی تعریف کی۔

یاد رہے چھ ستمبر 1965 کے دن بھارتی فوج نے پاکستان پر حملے کیلئے رات کی تاریکی میں عالمی سرحد عبور کی تاہم پوری طرح چوکس مسلح افواج نے قوم کی بھرپور حمایت سے دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا دئیے اور دشمن کو منہ توڑ جواب  دیا ۔