لاہور،19 ستمبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے یورپی یونین کامن ویلتھ انٹرپینیور کلب کے صدر مبین رفیق اور سینیٹر کامران مائیکل کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ قوم جذبہ حب الوطنی کے تحت مصیبت میں گھیرے اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرے اور سیلاب متاثرین کے لئے خوراک، ٹینٹس ،مچھر دانیوں اور کمبلوں کی فراہمی کے لئے تعاون کریں اور کہا کہ دوست ممالک جس جذبہ خیرسگالی سے امداد بھیج رہے ہیں اسکے لئے ان سب کے ممنون ہیں ۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ وفاقی حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں پاک فوج، بحریہ، فضائیہ اور این ڈی ایم اے کے ساتھ تمام صوبوں میں امدادی اور ریلیف کی سرگرمیاں کر رہی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی سمیت ہر شعبہ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی ملک کے سفیر ہیں،ہم سب کو مل کر ملکی تعمیر و ترقی کے لئے کام کرنا ہے۔
سینیٹر کامران مائیکل نے گورنر بلیغ الرحمان کو جی ایس پی پلس کو یقینی بنانے کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ حکومتی وزراء کے ہمراہ اگلے ماہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حوالے سے یورپی ممالک کا دورہ کرنے جا رہے ہیں اور کہا کہ پاکستان کے مؤقف کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے گا۔
صدر کامن ویلتھ انٹرپینیور کلب مبین رفیق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے،ایسی پالیسیوں کا ازسرنو جائزہ لینا ہوگا جو سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
وفد میں معروف صنعتکار صفدر شبیر،سابق آئی جی و ڈی جی ایف آئی اے ظفر عباس لک،میاں اعجاز،مرزا عامر بیگ،نعیم قیصر اور فوزیہ غوری بھی شامل تھے ۔