گھوٹکی، 21 ستمبر (اے پی پی ): اوباڑو سندھ پنجاب کے کچے میں بدنام زمانہ ڈکیت سلطو شر پولیس مقابلے میں ساتھی سمیت ہلاک ہو گیا ہے،ہلاک ڈکیت 3 تھانیدار اور درجن پولیس اہلکاروں کی شہادت کے مقدمات میں مطلوب تھے ۔
ڈی آئی جی سکھر جاوید جسکانی ایس ایس پی گھوٹکی تنویر تنیو نے ڈی ایس پی آفس اوباڑو میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں میں دہشت کی علامت بدنام زمانہ ڈاکو سلطوشر اورعیسو شر رونتی کچے کے علاقے میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔پولیس کی اس بڑی کامیابی پر ڈی آئی جی سکھر جاوید جسکانی اور ایس ایس پی گھوٹکی تنویر تنیو رونتی کچے کے علاقے پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو کے زندہ یا مردہ گرفتار کرنے پر سندھ حکومت کی جانب سے ایک کروڑ روپے انعام مقرر کیا گیا تھا، پولیس آپریشن کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ یہ ایک ٹارگیٹیڈ آپریشن تھا جس میں پولیس کی خصوصی ٹیم نے حصہ لیا۔پولیس کی اس بڑی کامیابی پر آئی جی سندھ نے گھوٹکی پولیس کیلئے 25 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
ہلاک ڈاکوؤں کے جرائم کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی آئی جی سکھر جاوید جسکانی نے کہا کہ سلطو شر اور اس کے ساتھی تین ایس ایچ او سمیت بارہ پولیس اہلکار کی شہادت میں مطلوب تھے جبکہ اغوا برائے تاوان رہزنی ڈکیتی کے دو سو مقدمات میں مطلوب تھے۔
اے پی پی/نظیر/قرۃالعین











