لاہور26 اکتوبر(اے پی پی): وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب سید طارق محمود الحسن نے کہا کہ افسران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے مختلف نوعیت کے مسائل جلد حل کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔اُنہوں نے کہا کہ شکایات کے فوری ازالہ کیلئے ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹیوں کو بھی پوری طرح متحرک کیاجائے اورآئندہ رواں ہفتے میں او پی سی افیسران کا وفدپنجاب بھر کی ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹیوں کا دورہ کریں۔ جس میں متعلقہ تمام محکموں کی اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے درج شکایات کے حل کے حوالے سے کارکردگی کا جائزہ بھی لیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمشنر او پی سی سید خادم عباس نے اجلاس کو بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے حل سے متعلق جاری پیشرفت، نمایاں اعداد و شمار اور دیگر امور بارے تفصیلی آگاہ کیا۔اُنہوں نے بتایا کہ ویب پورٹل پر ابتک 30676 شکایات درج کی گئی ہے جن میں سے20533 شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے جس کی شرح 67% فیصد ہے۔ وائس چیئرپرسن او پی سی سید طارق محمود الحسن نے کہا کہ یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اور آنے والے دنوں میں ہم اس کارکردگی کو مزید بہتر بناتے ہوئے بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے قیادت میں پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن دن رات محنت کررہا ہے اور بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو مکمل ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل عشرت اللہ خان نیازی، ڈائریکٹر پولیس میٹرز امیتاز احمد خان، ڈائریکٹر ایڈمن بابر بشیر،ڈائریکٹر ریونیو محمد اسلم رامے، ڈائریکٹر لیگل رانا شمشاد، ڈپٹی ڈائریکٹرلیگل سہیل ظفراور دیگر افیسران نے شرکت کی۔وائس چیئرپر سن او پی سی سید طارق محمو د الحسن نے او پی سی افیسران کو ہدایت دی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر ضلع میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے اور سمند پار مقیم پاکستانیوں کی طرف سے پیش کی جانے والی شکایت کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اوور سیز پاکستانیز ایک کثیر زرمبادلہ بھیج کروطن عزیز کی ترقی کے اس سفر میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں جو لائق تحسین ہے۔











