اوکاڑہ،17اکتوبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ آلودہ فضا انسانوں کی بقا کے لئے انتہائی مہلک اورصحت کے معیار کو کم کرنے کی بڑی وجہ ہے، ہمیں فضا کو آلودگیوں سے بچانے کے لئے ایک ٹیم کے طور پر کام کرنا ہے جس میں گورنمنٹ اور پرائیویٹ سیکٹر کو زمینی حقائق کے مطابق آگے بڑھنا ہے آلودگی ایک زہر ہے جس کو ختم کرنے کے لئے کاشتکار ایک کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
ان خیا لات کا اظہار انہوں نے تحصیل دیپالپور میں سموگ کے خاتمہ کے لئے نمبر داران و کاشتکاران آگاہی سیمینا ر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ دھان سمیت فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے نہ صرف فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ سموگ کی وجہ سے انسانی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں اور سموگ مہلک اور جان لیوا حادثات کی بڑی وجہ ہے گاؤں کی سطح پر نمبر دار اور زمیندار فصلو ں کی باقیات کو آگ لگانے کی حوصلہ شکنی کریں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع اوکاڑہ بالعموم اور تحصیل دیپالپور بالخصوص کاشتکار ی کے حوالہ سے نمایاں حیثیت رکھتی ہے لیکن فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کے واقعات بھی تحصیل دیپالپور میں سب سے زیادہ ہیں جو ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہیں نمبر دار اور گاؤں کی سطح پر بنائی گئی سموگ کمیٹیاں فصلوں کی باقیات کو جلانے کے واقعات کی روک تھام کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور محکمہ زراعت کے عملہ کی تجاویز کی روشنی میں فصلوں کی باقیات کو روٹا ویٹر،ڈسک ہیرو اور رائس کڑاچاپر کے ذریعے زمین میں دبائیں جس سے زمین کی ذرخیزی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو گا۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے محکمہ ماحولیات، محکمہ لیبر،محکمہ زراعت اور محکمہ ریونیو کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ یونین کونسل مرکز اور تحصیل کی سطح پر بنائی گئی انسداد سموگ کمیٹیوں کی کار کردگی کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کریں، محکمہ زراعت سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران کاشتکاروں بھٹہ مالکان شیلرز اور صنعتی یونٹوں کے مالکان کے ساتھ آگاہی سیشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی بالا دستی کو یقینی بنایا جائے گااور حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہو گی۔
کنویشن میں موجود نمبرداران اورزمینداروں نے ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظہیر لیاقت بیگ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل زاہد اقبال، اسسٹنٹ کمشنر دیپالپورڈاکٹر رانا اورنگزیب بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت راؤ ریاض انجم نے فصلوں کی باقیات کو نامیاتی مادہ میں تبدیل کرنے، سموگ کے مضر اثرات اور جدید زرعی آلات کے استعمال سے متعلق آگاہی دی۔











