لاہور، اکتوبر 6(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے ایکسپو سنٹرمیں پاک میڈیکا ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی وزیر صحت ترکی پروفیسر ٹولگاٹولونی کو پاکستان میں خوش آمدیدکہتے ہیں۔پاکستان اور ترکی کے درمیان انتہائی قریبی اور برادرانہ تعلقات استوارہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی وزیرصحت ترکی پروفیسرٹولگاٹولونی، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹرسلامی کلچ، ترکش قونصل جنرل ایمیر اوزبے اور ترکش ڈیلی گیٹس بھی موجودتھے۔ اس موقع پر سینئرصوبائی وزیر میاں اسلم اقبال،صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈاکٹراخترملک،چیئرمین پی اینڈڈی عبداللہ خان سنبل،سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن عمران سکندربلوچ، سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈاکٹر ارشاداحمد ودیگر افسران موجودتھے۔ اس موقع پر صحت کے دونوں محکمہ جات کے افسران اور مختلف میڈیکل یونیوسرسٹیزکے وائس چانسلرزاور پروفیسرزنے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پاکستان اورترکی کی عوام کے درمیان عظیم رشتہ قائم ہے۔پاکستان اور ترکی صحت کے شعبہ میں بہترین فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔حال ہی میں محکمہ صحت کے افسران کو ترکی کے صحت کے نظام کو جانچنے کیلئے بھیجاگیاتھا۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ ترکی کی عوام کوصحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے پر ترکش حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ محکمہ صحت کے افسران ترکی کے دورہ کے دوران ادویات کی ترسیل کے نظام کو آن لائن کرنے کے حوالہ سے بہت کچھ سیکھ کرآئے۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کے تمام 3کروڑ11لاکھ سے زائد خاندانوں کو صحت سہولت کارڈ فراہم کردیئے گئے ہیں۔پنجاب کاہرخاندان صحت سہولت کارڈکے ذریعے منتخب سرکاری و نجی ہسپتالوں سے دس لاکھ روپے تک کے مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل کرسکتاہے۔انھوں نے کہا کہ پنجاب کی عوام کو ترکی کی طرزکی صحت کی سہولیات فراہم کرناچاہتے ہیں۔صحت سہولت کارڈہمارفلیگ شپ پروگرام ہے۔اب پنجاب کاہرخاندان صحت سہولت کارڈکے ذریعے اپنے مفت علاج معالجہ کو یقینی بناسکتاہے۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں 23بڑے سرکاری ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔پنجاب میں 11اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈچائلڈ ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔پنجاب میں صحت سہولت کارڈکے ذریعے مفت علاج معالجہ حاصل کرنے والے 65فیصدعوام نے منتخب نجی ہسپتالوں سے سہولت حاصل کی ہے۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں ابھی تک 23لاکھ سے زائد افراد صحت سہولت کارڈکے ذریعے تقریبا52ارب روپے کے مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل کرچکے ہیں۔ صحت سہولت کارڈکے ذریعے مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل کرنے والے 97فیصدافراد نے نظام سے اطمینان کااظہارکیاہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پاکستان کی مارکیٹس میں ترکی کے سرمایہ کاروں کو خوش آمدیدکہتے ہیں۔ پاک ترک ہیلتھ میڈیکاایکسپومیں پروفیسرزاور ڈاکٹرزکی کثیرتعداددیکھ کربہت خوشی ہورہی ہے۔











