اوکاڑہ؛ گورنمنٹ جونیئر ماڈل گرلز ہائی سکول میں عالمی یوم اساتذہ منایا گیا ، خصوصی تقریب منعقد

40

اوکاڑہ،05اکتوبر(اے پی پی ): عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر گورنمنٹ جونیئر ماڈل گرلز ہائی سکول میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ایجو کیشن آفیسر سکینڈری جاوید آصف نے اساتذہ کے عالمی دن کے حوالہ سے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار اور کسی بھی ملک و قوم کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کرنے والی شخصیات ہیں۔ اساتذہ افراد کی اخلاقی،تمدنی،تہذیبی اور معاشرتی ترقی کے لئے بنیاد فراہم کرتے ہیں، اساتذہ کی محنت اور رہنمائی ہی سے ترقی کا سرچشمہ پھوٹتا ہے، اساتذہ کرام فروغ علم کا ذریعہ ہیں اور وہ اپنے علم کی روشنی سے نہ صرف افراد بلکہ اقوام کی تربیت کرتے ہیں۔

انہوں نے عالمی یوم اساتذہ  پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے افسران کو تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ اساتذہ کی عزت و تکریم کرنے والے دنیا میں بام عروج تک پہنچتے ہیں۔ انہوں نے طالبعلموں پر زور دیا کہ وہ اپنے اساتذہ کو رول ماڈل بناتے ہوئے محنت کریں اور تعلیمی میدان میں اساتذہ کی رہنمائی میں مطلوبہ ہدف حاصل کریں۔

 بعد ازاں سکول کے طالبعلموں نے سلام ٹیچر ڈے کی مناسبت سے ٹیبلو پیش کئے اور اساتذہ کو پھول اور کارڈزدیئے۔