لاہور،15اکتوبر ( اے پی پی ):وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ہفتہ کو یہاں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں “گو پنجاب” ایپ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ۔ ایپ کے ذریعے ایک کلک پر عوام کو 30 خدمات فراہم کی جائیں گی ۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ایپ کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے انتہائی کم وقت میں مختلف محکموں کی خدمات کی ایک ایپ بنا کر بڑا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے پہلی مرتبہ جب وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالا تو صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا محکمہ ہی نہیں تھا،میں نے 2005 میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا محکمہ قائم کیا اور3 جولائی 2006 میں آئی ٹی ٹاور کا سنگ بنیاد رکھا،جس جگہ ہم موجود ہیں یہاں پہلے سبزی منڈی تھی، اس جگہ پر کام کرنے والے غریب لوگوں کو دوسری جگہ شفٹ کیا اور روزگار مہیا کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ “گو پنجاب” ایپ کی سہولت سے عام آدمی کو بے پناہ فائدہ ہوگا،خدمات کی آن لائن فراہمی سے رشوت کا خاتمہ ہوگا۔ گھر میں موجود خواتین بھی “گو پنجاب” ایپ کی سہولت سے استفادہ کر سکیں گی،ہماری حکومت نے “گو پنجاب” ایپ کے ذریعے ہر شہری اور ہر گھر کو سہولت فراہم کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی خدمات کی “گو پنجاب” ایپ میں شمولیت سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔”گو پنجاب” ایپ ہماری حکومت کا عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے شاندار اقدام ہے۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ قومی صحت کارڈ اس ایپ کے ذریعے قومی صحت کارڈ کی معلومات اور ہسپتالوں کی انفارمیشن بھی شہریوں کو میسر ہوگی۔ ایف آئی آر کی کاپی، گمشدگی کی رپورٹ، ای چالان کی ادائیگی گو پنجاب ایپ سے ہو سکے گی۔ “گو پنجاب” ایپ سے ٹریفک چالان کی ادائیگی، کرائے داری اور گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن ہو سکے گی جبکہ ڈیتھ، برتھ، میرج اور طلاق سرٹیکفیٹ بھی حاصل کیا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ کاٹن فیس، پروفیشنل، ٹوکن، پراپرٹی ٹیکس، ای آکشن، گاڑیوں کی ٹرانسفر اور رجسٹریشن بھی ہو سکے گی۔ای اشٹام پیپر، فرد ملکیت اور میوٹیشن فیس کی ادائیگی بھی “گو پنجاب” ایپ سے ہو سکے گی۔ کاشتکار “گو پنجاب” ایپ کے ذریعے ای آبیانہ اور صنعتکار بزنس رجسٹریشن فیس کی ادائیگی کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نےکہا کہ “گو پنجاب” ایپ کے ذریعے پنجاب ٹورازم کارپوریشن کے ریسٹ ہاؤسز کی بکنگ اور دیگر تفصیلات حاصل کی جاسکیں گی جبکہ گاڑیوں کی روٹ پرمٹ فیس اور فنٹس سرٹیفکیٹ حاصل کیا جاسکے گا۔ پرائیویٹ سکولوں رجسٹریشن کیلئے “گو پنجاب” ایپ استعمال کر سکیں گے۔پنجاب احساس راشن پروگرام کے تحت “گو پنجاب” ایپ پر رجسٹریشن بھی کی جاسکے گی۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ “گو پنجاب” ایپ پنجاب ہی نہیں بلکہ پاکستان کی اپنی نوعیت کی پہلی پبلک سیکٹر ایپ ہے،جس کے ذریعے پنجاب کے لاکھوں شہری گھر بیٹھے حکومت کی طرف سے مہیا کی جانے والی سروسز سے مستفید ہو سکیں گے، ایپ کی مدد سے شہریوں کا وقت اور پیسہ بچے گا اور سروس ڈلیوری بہتر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ “گو پنجاب” ایپ کا کارواں یہیں نہیں رکے گا بلکہ اسی ایپ کے ذریعے شہریوں کو مزید خدمات بھی فراہم کریں گے۔”گو پنجاب” ایپ کی لانچنگ پر صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ارسلان خالد، ڈی جی آئی ٹی فیصل یوسف اور ان کی ٹیم کو بہترین کارکردگی پر مبارکباد دیتا ہوں۔
صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ارسلان خالدنے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے ویژن کے مطابق ٹیکنالوجی کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہمارا مشن ہے۔ “گو پنجاب” ایپ میں نجی شعبے کی خدمات کو بھی شامل کرنے پر کام کر رہے ہیں۔
ڈی جی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف نے گو پنجاب ایپ کے اہم خد و خال کے بارے میں بریفنگ دی۔جامعہ اشرفیہ کے مفتی احمد علی نے تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا کرائی۔
سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔