وہاڑی،27 اکتوبر (اے پی پی ): ممبر قومی اسمبلی طاہر اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ 27اکتوبر1947انسانی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے،بھارتی افواج کے ظالمانہ ہتھکنڈوں اور ظلم و جبر کے باوجود کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے مطالبہ پر قائم ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار ممبر قومی اسمبلی طاہر اقبال چوہدری نے بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر ضلع کونسل ہال وہاڑی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے۔ بھارت نے کشمیر پر ظالمانہ اور غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے عالمی دنیا مجرمانہ طور پر خاموش ہےکشمیری اپنی ہی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ 27اکتوبر 1947کو بھارتی فوج نے کشمیر پر غاصبانہ اور ظالمانہ قبضہ کیا،بھارت نے 6لاکھ فوج کو وادی کشمیر میں اتار کر جیل بنا دیا ہے ،75سال گزرنے جانے کے باوجود بھارتی مظالم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکے۔
ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ یوم سیاہ منانے کا مقصد کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم اور جبر سے عالمی برادری کو آگاہ کر نا ہے، مقبوضہ کشمیر میں دن رات ظلم و ستم ڈھائے جا رہے ہیں، دنیا کو کشمیریوں کی جد وجہد آزادی کو تسلیم کرنا ہوگا ،مسئلہ کشمیر بین الاقوامی نوعیت کا ایشو ہے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدار نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی، کشمیریوں کی آزادی بہت قریب ہے۔ ڈپٹی مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف زاہد اقبال چوہدری نے کہا کہ ہم نے مسئلہ کشمیر کو نہ صرف دنیا کے سامنے رکھنا ہے بلکہ اپنی نوجوان نسل کو بھی اس سے آگاہ کرنا ہے، 27اکتوبر ایسا دن ہے جو دنیا میں ہونے والے مظالم میں سب سے بڑا ظلم کا درجہ رکھتا ہے ۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی بابر منظو دوگل نے کہا کہ 27اکتوبر 1947کو بھارت نے تمام انسانی حقوق روندھتے ہوئے کشمیر کے علاقے میں زبردستی اپنی فوج داخل کی اقوام عالم کا فرض ہے کہ وہ بھی آج کے دن مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بنیں ۔
اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن محمد اسلم اعجاز، سی او ضلع کونسل ناصرنعمان شاہ، ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم، ڈپٹی ڈائر یکٹر سوشل ویلفیئر محمد انور،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیوانجینئر دانش خلیل،تحصیلدار حافظ اقبال محمود کاٹھیا، ایس این اے منیب احمد ڈوگر، صدر مرکزی انجمن تاجران ارشاد بھٹی، جنرل سیکرٹری راؤ خلیل احمد، سابق یوسی چیئر مین زاہد کریم گجر،نوشین ملک اور تمام مکاتب فکر کے افراد نے بھر پور شرکت کی ۔
سیمینار کے اختتام پر ضلع کونسل وہاڑی سے ڈی سی کمپلیکس تک بھارتی مظالم کے خلاف ریلی بھی نکالی گئی ۔ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک اور ایم این اے طاہر اقبال چوہدری نے کی ۔ریلی کے شرکاء نے بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیریوں کے حق اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بھی لگائے۔