گلگت،10 اکتوبر (اے پی پی): وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ تعلیم کا شعبہ حکومت گلگت بلتستان کے اولین ترجیحات میں شامل ہے، بنیادی نظام تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے محکمہ تعلیم اور کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں کوالٹی ایجوکیشن کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اصلاحات کئے ہیں، بچوں کے نیوٹریشن کو یقینی بنانے کیلئے سرکاری سکولوں میں سکول میل پروگرام شروع کیا ہے، دو کلو میٹر دور سے سکول آنے والے طالب علموں کیلئے حکومت ٹرانسپورٹ کیلئے خصوصی وظیفہ دے رہی ہے، صوبائی حکومت کے تعلیم دوست اقدامات کی وجہ سے سرکاری سکولوں کے انرولمنٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ حکومتی سطح پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کیلئے سکالر شپ دیئے جارہے ہیں، سکولوں میں آئی ٹی بوٹس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، پرائمری سکولوں کے ماڈل کا ازسر نو جائزہ لے رہے ہیں تاکہ بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جاسکے۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ سکولوں کی سطح پر آئی ٹی کی آگاہی کیلئے ورچوئل یونیورسٹی سے معاہدہ کررہے ہیں، گلگت بلتستان کو مثالی اور معیاری تعلیم کا حب بنانے کیلئے ویژن کے تحت کام کررہے ہیں، محدود وسائل کی وجہ سے حکومت کو اصلاحات کے نفاذ میں مشکلات درپیش ہیں، بین الاقوامی اداروں کی تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو درپیش چیلنجز میں سب سے بڑا چیلنج موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات ہیں۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی ٹریننگ اور استعداد کار کو بہتر بنانے کیلئے بھی حکومت اقدامات کررہی ہے۔کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کے کنٹری ڈائریکٹر کی سربراہی میں آنے والے وفد نے وزیر اعلیٰ نے علم دوست ویژن اور اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن حکومت کیساتھ معیاری تعلیم کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔











