جمہوریت کے استحکام کے لئے پیپلز پارٹی نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، سانحہ کارساز عظیم قربانیوں میں سے قربانی کا ایک دن ہے؛ وفاقی وزیر شازیہ مری

18

اسلام آباد،18اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت وسماجی تحفظ شازیہ مری نے  کہا ہے کہ سانحہ کارساز کو  آج 15 برس بیت گئے لیکن آج بھی ہم  سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں ۔

منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام کے لئے پیپلز پارٹی نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، 18 اکتوبر ان عظیم قربانیوں میں سے ایک قربانی کا دن ہے،18 اکتوبر 2007 کو لاکھوں افراد  شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا والہانہ استقبال کرنے کے لئے کراچی ایئرپورٹ پہنچے تھے،لوگوں کے سمندر نے اپنی قائد شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی طویل جلاوطنی کے بعد وطن واپسی پر ان کا تاریخی استقبال کیا۔لیکن اس دوران دھماکوں میں پیپلز پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد شہید ہوئی۔سانحہ کارساز میں شہید ہونے والے تمام شہداء کو آج بھی سرخ سلام پیش کرتے ہیں۔

شازیہ مری نے کہا کہ  امریکی صدر نے پاکستان کے حوالے سے افسوسناک بیان دیا ۔وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے فوری طور پہ ردعمل دیا۔امریکی سفیر کو وزارت خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ دیا گیاجس کے بعد امریکہ کی طرف سے صدر جوبائیڈن کے بیان پر  وضاحت آچکی ہے،پاکستان اپنے جوہری اثاثوں کی حفاظت کرنا جانتا ہے،پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک شخص نے اپنی انا کی خاطر 7 نشستوں پر ضمنی الیکشن لڑا،یہ شخص اسمبلی میں جانے تک تیار نہیں،اس نے اپنی سیاست کی خاطر سائفر کا ڈرامہ رچایا،پیپلز پارٹی جمہوریت پہ یقین  رکھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جمہوری نظام ہی عوام کے مسائل کا حل ہوتا ہے، جمہوریت کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنائیں گے،پیپلز پارٹی نے دو نشستوں پر الیکشن لڑ کر بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کی،پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی چیرمین اور وائس چیرمین کو شکست دی۔

شازیہ مری نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے 3 کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوئے۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین کی بڑی تعداد کو 65 ارب کا کیش ریلیف دیا گیا۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنماء فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے سانحہ کارساز کی مرکزی تقریب نہیں منعقد کی گئی۔پیپلز پارٹی کی قربانیوں کی داستان طویل ہے،ہر دور میں پیپلزپارٹی نے جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دو امیدواروں نے پی ٹی آئی کے بڑے ستونوں کو گرایا ہے۔