فیصل آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):ایس ایس پی انویسٹی گیشن فیصل آباد کیپٹن (ر) محمد اجمل نے کہا ہے کہ ماہ ستمبر کے دوران جڑانوالہ ڈویژن پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث 53ملزمان کو گرفتار کیا جن کے قبضہ سے 25موٹر سائیکل،دولوڈررکشے،ایک ٹرک ،ایک کار،ایک ہنڈائی ڈالہ، 21مویشی اور طلائی زیورات برآمد کئے گئے ہیں جن کی مجموعی دوکروڑروپے سے زائدہے جبکہ ناجائز اسلحہ رکھنے پرمختلف افراد کے خلاف 25مقدمات کا اندراج بھی کیا گیا ہے۔ وہ پولیس لائن میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایس پی جڑانوالہ ڈویژن ارتضی کمیل اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایاکہ ایس پی جڑانوالہ نے ان جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف پولیس کی مختلف ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے جرائم کا قلعہ قمع کرنے کیلئے مؤثر حکمت عملی اپنائی۔پولیس نے ان تمام کاروائیوں میں روایتی طریقہ کار کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جس کی وجہ سے یہ جرائم پیشہ افراد آج پولیس کی گرفت میں آچکے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ گرفتار شدہ ملزمان متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ انہوں نے بتایاکہ تھانہ سٹی جڑانوالہ نے 22مقدمات میں مطلوب 16ملزمان کوگینگ سرغنہ شاہد سمیت گرفتار کیا جن کے قبضہ سے 6موٹر سائیکل،ایک کار،ایک ٹرک اور 2مویشی برآمد کئے۔تھانہ صدر جڑانوالہ نے 6مقدمات میں ملوث 3ملزمان گینگ سرغنہ ساجد مسیح،حیدر علی اور ثاقب کو گرفتار کر لیا جن کے قبضہ سے 8موٹر سائیکلیں ایک عدد جنریٹر اور 12مویشی و نقدی برآمد کی جن کی مالیت تیس لاکھ روپےہے۔تھانہ لنڈیانوالہ 6مقدمات کے نتیجہ میں 3ملزمان گینگ سرغنہ محمد امین و دیگر گرفتار کیاجن سے ایک موٹر سائیکل،ایک ہنڈائی ڈالہ اور موبائل فونز برآمد کئے گئے ۔اسی طرح تھانہ ستیانہ کے علاقہ سے 8مقدمات میں ملوث 5ملزمان گرفتار جن کے قبضہ سے 2موٹر سائیکل،2لوڈر رکشے اور 5مویشی برآمد ہوئے جبکہ تھانہ بچیانہ کے علاقہ سے 3مقدمات میں ملوث 2ملزمان سرغنہ گینگ سمیت گرفتار ہوئے جن کے قبضہ سے 6موٹر سائیکل اور نقدی برآمد کر لی گئی‘تھانہ بلوچنی کے علاقہ سے 26مقدمات میں ملوث 18ملزمان گرفتار جن سے 6موٹر سائیکل اور نقدی برآمد کر لی گئی۔