حکومت ترجیحی بنیادوں پر کاشتکاروں  کے مسائل حل کرے گی؛ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

14

کوئٹہ،13اکتوبر(اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر کاشتکاروں  کے مسائل حل کرے گی تاکہ زرعی شعبے کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کیا جا سکے اور زرعی اجناس کی کمی کے خدشہ کو کم سے کم کیا جائے۔

ان خیالات  کا  اظہار  انہوں نے   جمعرات کو یہاں صوبے کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے کسانوں کو گندم اور روغنی اجناس کے لئے زرعی بیجوں اور کھاد پر سبسڈی کی فراہمی سے متعلق امور سے متعلق  جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے  ہوئے کیا۔

 اجلاس میں حالیہ سیلابی بارشوں سے زرعی شعبہ کو پہنچنے والے نقصانات اور متاثرہ اضلاع کے کسانوں کو فوری طور پر ریلیف کی فراہمی کے لیے زرعی بیجوں اور کھاد پر سبسڈی سمیت دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت تمام متاثرہ اضلاع میں چھ ہزار بلڈوزر گھنٹے متاثرہ کسانوں کو فراہم کرے گی اور  متاثرہ کسانوں کو زرعی بیجوں پر 70 فیصد سبسڈی فراہم کر رہی ہے کھادوں اور سولر سسٹم کی بحالی کے لیے صوبائی حکومت 50 فیصد سبسڈی فراہم کر رہی ہےاور صوبائی حکومت متاثرہ اضلاع کے کسانوں کو 15 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔

  وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ اضلاع کے کسانوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور سیلابی بارشوں سے سب سے زیادہ نقصان زرعی شعبے کو پہنچا ہے جس کے باعث نہری نظام سمیت ٹیوب ویل اور سولر سسٹم بھی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ متاثرین کی جلد بحالی کرکے انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کیا جائے۔

اجلاس میں صوبائی وزراء زراعت میراسداللہ بلوچ ، چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔