حکومت فش فارمرز کو مچھلی کے پنجروں پر80فیصدسبسڈی دے رہی ہے۔ڈائریکٹرجنرل فشریز جنوبی پنجاب

59

ملتان 17 اکتوبر(اے پی پی ):ڈائریکٹر جنرل فشریز جنوبی پنجاب ڈاکٹر زاہد صدیق نے کہا ہےجدید فش فارمنگ کو فروغ دینے کے لئے حکومت  فش فارمرز کوسبسڈی دے رہی ہے اس منصوبے کیلئے  ایک ارب 77 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔حکومت مچھلی کے پنجروں کی تنصیب پر 80 فیصد سبسڈی فراہم کر رہی ہے فش فارمرز بقیہ 20 فیصد ادا کرکے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر زاہد صدیق نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں مچھلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے 400 فش کیج کلسٹرز کام کر رہے ہیں۔فشریز ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے مچھلی کی غذاکے کاشتکاروں کو مختلف دریاؤں میں فش کیج کلسٹرز کی تنصیب میں سہولیات فراہم کیں ہیں تاکہ خطے میں پروٹین سے بھرپور مچھلی کی پیداوار کوفروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ فش کیج کلسٹرز  فش فارمنگ کا ایک جدید تصور ہے اس میں مچھلی کے  پنجرے میٹھے پانی میں لگائے جاتے ہیں۔ایک سوال پر ڈی جی  فشریز نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں 300 پنجرے فعال کردیئے گئے ہیں۔دریائے سندھ میں غازی گھاٹ پر  200 اورمیلسی میں ہیڈ سائفن پر 100پنجرےفعال ہیں جبکہ مزید 100 پنجروں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں 38 ہزار ایکڑ رقبے پر فش فارمزموجود ہیں جبکہ  2805 کسان محکمہ فشریز میں رجسٹرڈ ہیں۔