کوئٹہ،15اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ریکوڈک کا تاریخی معاہدہ ایک اہم پیش رفت ہے جو صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے ایک گیٹ وے ثابت ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بیرک گولڈ کمپنی کے سی ای او مسٹر مارک بریسٹو سے گفتگو میں کیا ، جنہوں نے ہفتہ کو یہاں اپنی ٹیم کے ہمراہ وزیراعلیٰ سے ملاقات کی ۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے ہمیں سیلاب متاثرین کی صورت میں ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے ،حالیہ سیلابی بارشوں نے مواصلاتی رابطوں اور زرعی رقبے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کا تاریخی معاہدہ ایک اہم پیش رفت ہے اور یہ صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے ایک گیٹ وے ثابت ہوگا ہم نے اس معاہدے سے متعلق تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا اور اس سے متعلق تمام سیاسی مسائل کو باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ حل کیا ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس معاہدے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ہماری بھی یہی کوشش ہے کہ سب سے پہلے مقامی باصلاحیت افراد کو روزگار فراہم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مل کر بلوچستان اور پاکستان کے لیے کام کرنا ہے، بیرک گولڈ کے آنے کی وجہ سے دیگر سرمایہ کار کمپنیوں کا بھی صوبے میں سرمایہ کاری کی جانب رجحان بڑھے گا اور ہم اس کمپنی کے ساتھ ایک اچھے شراکت دار کے طور پر کام کریں گے۔ انہوں نے کمپنی کی جانب سے تعلیم پانی، توانائی اور مواصلات سمیت دیگر شعبوں میں دلچسپی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھی اپنے نوجوانوں کی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہنر مند افرادی قوت ہی وقت کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے سی ای او بیرک گولڈ کمپنی مسٹر مارک بریسٹو نے کہا کہ ایک بار پھر بلوچستان آکر خوشی محسوس ہو رہی ہے، ہمیں اندازہ ہے کہ اس وقت بلوچستان کے اکثر علاقوں میں سیلابی صورت حال ہے اور ہماری نیک خواہشات سیلاب متاثرین کے ساتھ ہیں ہم نے سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے ایک فنڈ بھی قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک معاہدہ بلوچستان کا مستقبل ہے اور ہماری ٹیم علاقے کی ڈویلپمنٹ اور فزیبلیٹی سٹڈی پر کام کر رہی ہیں روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ پر بھی کام کر رہے ہیں ۔
مارک بریسٹو نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے کمپنی ہوا اور شمسی توانائی سمیت جیو تھرمل توانائی کو بھی بروئے کار لائے گی جبکہ علاقے کی بہتری کے لیے مواصلاتی رابطوں کو بھی بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی اور روزگار میں بھی مقامی باصلاحیت افراد کو ترجیح دی جائے گی ہم اس منصوبے میں حکومت بلوچستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ کو اس موقع پر سی ای او بیرک گولڈ کمپنی مسٹر مارک بریسٹو نے منصوبے سے متعلق پریزنٹیشن کی کاپی بھی پیش کی۔ملاقات میں صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران،چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی اور صوبائی سیکرٹری معدنیات نور احمد پرکانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔











