مری،07 اکتوبر(اے پی پی):ایس پی کوہسار ڈویژن فیصل سلیم خان نے کہا مری میں گزشتہ برفباری کے دوران ہونیوالے افسوسناک سانحہ مری پر قائم ہونے والی انکوائری کمیٹی نے جو فائنڈنگ اورتجاویزدیں ان پرمری کے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاور ت سے عملدرآمد کیا جائیگا،تمام محکموں اور کاروباری حلقو ں سے مؤثر رابطوں کیلئے کنٹرول روم کو بھی مزید بہتر بنایا جائے گا جو 24 گھنٹے کام کررہا ہے اور کہا کہ اب ہمیں آگے بڑھنا ہے تاکہ یہاں کی سیاحت کو فروغ ملے اورکاروباری حلقے بھی مطمئن ہوں جسکے لئے قبل ازوقت تمام انتظامات کئے جارہے ہیں مری کے یہاں کے عوام انتہائی مخلص اورمہمان نواز ہیں۔
ان خیالات کااظہار ایس پی کوہسار ڈویژن فیصل سلیم خان نے جناح ہال مری میں برفباری کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ بہترین اورمؤثر اقدامات کرکے ایسے واقعات کوروکاجائیگا سیاحوں اورمقامی لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کو ہرصورت یقینی بنایاجائیگا ۔
اجلاس میں محکمہ ہائی وے مری کی کارکردگی پر سٹیک ہولڈروں نے کڑی تنقید کرتے ہوئے متعلقہ ذمہ داران کیخلاف سخت کاروائی کرنے کاکہا۔ اسسٹنٹ کمشنر مری وقاص صفدر سکندی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دردناک سانحہ کے بعد اب ہمارامتحان ہے کہ ہم یہاں کی سیاحت کو کیسے بچائیں، مری میں پارکنگ کے مسئلے کاحل انتہائی ضروری ہے اور کہا کہ سابقہ واقعات کومدنظررکھتے ہوئے محکمہ ہائی وے،ٹریفک،محکمہ واپڈا اور دیگرکی کارکردگی کو بہتر انداز میں مانیٹرکیاجائیگا، برفباری کے سیزن سے قبل تمام ذمہ داران کو انتظامات کومکمل کرنے کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔ اجلاس سے ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر حاجی خلیل احمد،مرکزی انجمن تاجران مری کے صدرراجہ طفیل اخلاق ہوٹل ایسوسی ایشن کے رہنماؤں سلیم اکابر عباسی اورراجہ شہزاد رشیدنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مری کے کاروباری حلقوں اورعوام کامعاشی قتل قابل قبول نہیں ہے اور کہا کہ 8 ہزار گاڑیوں سے زائد کی مری میں داخلے پر پابندی بھی قابل قبول نہیں ہے اس نوٹیفکیشن کو فوری واپس لیاجائے بصورت دیگر احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔











