سعودی مسلح افواج کے وفد کی پاک فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات ، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

22

اسلام آباد،17اکتوبر  (اے پی پی): پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے سعودی مسلح افواج کے ڈائریکٹر جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، میجر جنرل حمید بن رافع العامری کی قیادت میں سعودی مسلح افواج کے وفد نے  پیر کو یہاں  ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق میجر جنرل حمید بن رافع العامری نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے  سیلاب متاثرین کے لیئے کی جانے والی امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے عمل کے دوران پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی کوششوں اور سول انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون پر انکی تعریف کی۔

میجر جنرل حمید بن رافع العامری نے ہوا بازی کی صنعت میں پاک فضائیہ کی خود انحصاری پر مبنی صلاحیتوں کا اعتراف کیا اور دونوں فضائی افواج کے درمیان خاص طور پر تربیت اور آپریشنل ڈومینز میں پہلے سے استوار تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ  نے پاک فضائیہ کی آپریشنل ساخت کے مطابق فضائی، خلائی اور سائبر اسپیس ڈومینز میں عصرِ حاضر کی عسکری و آپریشنل صلاحیتوں کے حصول کے لیے پاک فضائیہ کو جدت سے استوار کرنے کی مہم کے وسیع منصوبوں کا ذکر کیا اور کہا کہ پاک فضائیہ ان ٹیکنالوجیز کے حصول اور ترقی پر پوری توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔

 ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتے قائم ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا مظہر ہیں۔ سربراہ پاک فضائیہ نے مملکت سعودی عرب کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مسلسل اور بلا تعطل امداد پر  شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے عمل میں عالمی برادری کی جانب سے امداد انتہائی اہمیت کی حامل رہے گی۔