سولر انڈسٹری کے فروغ سے ملک کو درپیش توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی ؛نثار اے لطیف

9

اسلام آباد،15اکتوبر  (اے پی پی):چیئرمین رینیوایبل انرجی ایسوسی ایشن پاکستان (ریپ) نثار اے لطیف نے کہا ہے کہ سولر انڈسٹری کو درپیش مسائل کو حل کیا جائے اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے، سولر انڈسٹری کے فروغ سے ملک کو درپیش توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو  وائس چیئرمین ریپ عثمان علی اور دیگرکے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سولر انڈسٹری کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، ملک میں بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات اور قیمتوں میں اضافہ کے تناظر میں اس انڈسٹری کا فروغ اہمیت کا حامل ہے۔

 نثار اے لطیف نے کہا کہ حکومت کو اس انڈسٹری کے فروغ کیلئے ہماری مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سولر پینل انورٹر کے کوڈ کو سٹیٹ بنک کی پیشگی اجازت کی لسٹ سے نکالا جائے، پھنسے ہوئے  کنٹینرز کو فوری ریلیز کروایا جائے اور جرمانہ معاف کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی مصنوعات پر سیلز ٹیکس ختم کیا جائے اور رینیوایبل انرجی سے متعلق واضح پالیسی مرتب کی جائے اورمقامی کمپنیوں کو پراجکیٹس میں ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں توانائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے قابل تجدید توانائی کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنا چاہئے اور اس حوالے سے پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہنا چاہئے۔