سکھر؛گمس اسپتال گمبٹ میں ہرقسم کی سرجری کیلئے روبوٹیک مشین کا افتتاح

73

سکھر،24اکتوبر(اے پی پی): گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا کیپٹل سٹی آف ہیلتھ سائنس سندھ بننے کے بعد میڈیکل کے شعبے میں ایک بڑا قدم، گمس اسپتال گمبٹ میں اب ہر قسم کی سرجری روبوٹیک مشین سے ہو گی ۔روبوٹیک مشین بغیر کسی سیزر کے جسم میں چھوٹا سا سوراخ کرکے سرجری کرے گی جس سے مریض دوسرے دن ڈسچارج ہونے کے ساتھ میڈیسن کے اخراجات بھی کم ہوجائیں گے اور سرجری سے ہونے والے سائیڈ ایفکٹ میں بھی واضع کمی آئے گی۔

ڈاریکٹر گمس ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کے مطابق روبوٹ مشین کی مالیت 50کروڑ روپے ہے اور ایک ربوٹیک سرجری پر 3 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی جو سندھ حکومت برداشت کرے گی، ربوٹیک مشن سے سرجری ایک محفوظ علاج کے ساتھ سندھ حکومت کی جانب سے سندھ اور پاکستان کی عوام کے لئے ایک تحفہ ہے۔

سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی کاوشوں سے ایک چھوٹی سی میڈیکل ڈسپنسری آج ملک کا سب سے بڑا ادارہ بن گیا ہے جو عوام کو بغیر کسی معاوضے کے صحت کی بہتر سے بہتر سہولیات دینے میں کوشاں ہے۔