سکھر،22اکتوبر(اے پی پی):سکھر ایوان صنعت و تجارت میں 12 ویں سالانہ رحمتہ لِّلعَالمینﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، جس میں قاری جمیل احمدبندھانی اور مولانا حافظ محمد شہزاد رضا قادری نے اپنے خطابات میں کہا کہ رسول اکرمﷺ خاتم النبیین ہیں،نبوت کا سلسلہ محمد ﷺکی آمد سے ختم ہوگیا، عالم اسلام کے مسلمان دنیا کے کسی بھی خطے سے متعلق ہوں سب عقیدہ ختم نبوتﷺ پر متفق و یکجا ہیں۔
ادبی شاعر و ادیب پروفیسر ڈاکٹر انیس الرحمٰن نے نعت گوئی پر مقالہ پیش کیا۔ تقریب کے آغاز کیلئے تلاوت کلام پاک کا شرف مولانا محمد عثمان فیضی حسینی کو حاصل ہوا جبکہ مولانا محمد رضوان خان قادری، حافظ عدنان رضا قادری،قاری عمر شکیل، محمد ریحان رضا قادری، محمد حسین بشیر نے گلہائے عقیدت سے محفل میں سماں باندھ دیا۔
قبل ازیں نائب صدر ایوان محمد کامل فاروقی نے استقبالیہ کلمات کے ساتھ مہمانان گرامی القدر کو خوش آمدید کہااور ان کی ایوان میں آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں سابق صدور انجینئر عبدالفتاح شیخ، عامر علی خان غوری اور محمد رضوان الحق ملک،سابق سینئر نائب صدور و نائب صدور، مجلسِ انتظامیہ اور ایوان کے اراکین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پرقاری جمیل احمد بندھانی نے علیل اراکین ایوان کی صحتیابی اور سرپرست اعلیٰ الحاج خان منور خان، خالد محمود خان و دیگر مرحومین کیلئے مغفرت کی دعا کی۔تقریب کے اختتام پر نماز عشاءباجماعت ادا کی گئی اور عشایہ ترتیب دیا گیا۔











