ملک میں عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے ، نئے آرمی چیف کی تعیناتی آئین و قانون کے مطابق ہو گی؛وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

15

سیالکوٹ،22اکتوبر  (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ کوئی فرد واحد ریڈ لائن نہیں بلکہ وطن،آئین اور آئین و قانون کے تحت چلنے والے ملکی ادارے ریڈ لائن ہیں، ملک میں عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے ، نئے آرمی چیف کی تعیناتی آئین و قانون کے مطابق ہو گی، اللہ تعالیٰ کے فضل سے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا  جو انتہائی خوش آئند ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اپنی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان نہ تو کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں اور نہ ہی کوئی بیک ڈور رابطے ہیں یہ صرف افواہیں ہیں ،  پی ٹی آئی کا پروپیگنڈہ ہے جو وہ ماضی میں بھی کرتے آئے ہیں ،اس کا حقیقت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ، پی ٹی آئی اور عمران خان یہ پروپیگنڈہ اس لیے کر رہے ہیں تاکہ  مارچ میں عام انتخابات ہو سکیں لیکن ملک میں عام انتخابات قانون کے مطابق  اپنے مقرر وقت پر ہی ہوں گے   ۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ 4 ماہ قبل وزیر اعظم  محمد شہباز شریف نے توشہ خانہ سے متعلق ایک کمیٹی بنائی تھی جس کی ذمہ داری مجھے سونپی گئی، کمیٹی میں دیگر وزرا بھی شامل تھے ، کمیٹی نے اپنی سفارشات وزیراعظم کو بھجوا دی ہیں جن کے مطابق توشہ خانہ میں موجود تحائف ریاست کی ملکیت ہونگے جنہیں کوئی بھی حکومتی نمائندہ نہیں لے سکے گا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے توشہ خانہ سے تحائف لینے والوں کے دروازے بند کر دئیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کی خواہش تھی کہ اپوزیشن کو ٹارگٹ کریں لیکن عمران خان کا بھانڈا پھوٹ چکا ہےاور لوگ عمران خان کی اصلیت جان چکے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ کل پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال کے باوجود لوگ باہر نہیں نکلے اور جو نکلے وہ بھی کچھ دیر بعد اپنے گھروں کو واپس چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ  پورے ملک سے کل 30 سے 32 ہزار لوگ احتجاج کیلئے باہر نکلے ،حقیقی آزادی اور امپورٹڈ حکومت کی  انکی جھوٹی اسٹوری کا بھانڈا پھوٹ چکا ہے۔

 وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے حقیقی آزادی اور امپورٹد  حکومت کے بیانیے کو پاکستانی عوام نے مسترد کر دیا ہے اور اب انکی اپنی صفوں میں توڑ پھوڑ شروع ہو چکی ہے، عمران خان فکر کریں، وزیراعلیٰ پنجاب  چوہدری پرویز الٰہی کہیں اور نہ چلے جائیں کیونکہ   پنجاب اسمبلی کا سلسلہ اب زیادہ دیر چلنے والا نہیں،نئے اتحاد بھی بنیں گے جس دوران چوہدری پرویز الٰہی کا عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونا انکے وارے میں نہیں ہو گا۔

وزیر دفاع  خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ  عمران خان ہمیشہ جھوٹ بولتے آئے ہیں لیکن جو حالات  سامنے آ رہے ہیں ان میں جھوٹ کی گنجائش نہیں اور نہ ہی اب عمران خان اور پی ٹی آئی کا بیانیہ مذید چلے گاکیونکہ لوگ انکی اصلیت جان چکے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی فرد واحد ریڈ لائن نہیں بلکہ وطن،آئین اور آئین و قانون کے مطابق چلنے والے ملکی ادارے ریڈ لائن ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شیخ رشید لانگ مارچ کا اپنا شوق بھی پورا کر لیں لیکن یہ بات سب کو معلوم ہونی چاہیئے کہ ملک میں انتشار پھیلانے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور ہر حال میں آئین و قانون کی حکمرانی یقینی بنائی جائے گی۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہمارے قائد ہیں جو تین بار ملک کے وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں وہ بہت جلد اپنے وطن واپس آئیں گے۔