لاہور، 3 اکتوبر (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کے جس بھی حصے میں سیلاب سے تباہی آئی ہے وہاں سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے، جن مشکل ترین حالات میں اتحادی حکومت نے ملک کا انتظام و انصرام سنبھالا ہے وہ لائق تحسین ہے۔
پیر کو یہاں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی اور وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات شاہ زین بگٹی سے ملاقات میں ملک میں سیلاب کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے یونیورسٹیوں میں کنسورشیم قائم کر دیا ہے،جامعات میں بین الاقوامی سند یافتہ ماہرین موسمیات کی آراء پر مبنی ایکشن پلان بنانے کی طرف یہ پہلا قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاست کی پرواہ کیے بغیر ملک کی بہتری میں مشکل فیصلے کرنا ان جماعتوں کی حب الوطنی کی دلیل ہے۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ پبلک اور پرائیوٹ یونیورسٹیوں کی طرف سے سیلاب متاثرین کو امدادی سامان بھیجا جا رہا ہے جبکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں میڈیکل یونیورسٹیوں کی جانب سے میڈیکل کیمپس بھی لگائے گئے ہیں۔











