عارف والا ،09 اکتوبر (اےپی پی ): جشن عید میلاد النبی ﷺکے سلسلہ میں دعوت اسلامی کے زیراہتمام فیضان مدینہ محمدی ٹائون عارفوالا سے زیر قیادت امیر تحصیل حیدر علی عطاری جلوس نکالا گیا، جلوس میں عاشقان رسول ﷺ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
جلوس میں شرکاء طلبہ نے ہاتھوں میں سبز پرچم اور بینرز اٹھا رکھے جن پر آمد مصطفے ٰﷺ کی تحریریں درج تھیں، جلوس میں عاشقان رسولﷺ نے پیدل ، موٹرسائیکل اور گاڑیوں کے زریعے شرکت کی۔ جلوس میں درود وسلام کے ترانے گونجنے سے فضاء معطر ہوگئی ۔
جلوس میں دعوت اسلامی کے تحصیل بھر سے عہدیداران نے بھی شرکت کی اور ملک کی سلامتی اور امن کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ جلوس مختلف راستوں سے گزر کر واپس محمدی ٹائون پہنچ کر پرامن اختتام پذیر ہوگیا ،جلوس کے ہمراہ پولیس کی نفری بھی موجود تھی۔