عمران خان نے عوام کو سیاسی شعور دیا، میاں اسلم اقبال کی میڈیا سے گفتگو

3

 لاہور 30ستمبر ( اے پی پی ): سینئرصوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے ون ونڈے سہولت سنٹر ایل ڈی اے آفس میں کھلی کچہری لگائی اور ایل ڈی اے کے حوالے سے لوگوں کی شکایات سنی۔ڈی جی ایل ڈی اے عامر احمد خان اور ادارے کے افسران بھی کھلی کچہری میں موجود تھے۔ سینئر صوبائی وزیر نے کھلی کچہری کے دوران بعض سائلین کو موقع پر ہی ریلیف دیا۔ میاں اسلم اقبال نے سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ون ونڈو سہولت سنٹر کی اپ گریڈیشن کا کام ایک ماہ میں مکمل ہو جائے گا۔ جس سے شکایات کے ازالے کے عمل میں مزید تیزی آئے گی۔لوگوں کے جائز مسائل کسی صورت رکنے نہیں دیں گے۔شکایات کے ازالے میں کوتاہی برتنے والے افسر کے خلاف کارروائی ہوگی۔عوام کی خدمت کرنے والے افسران ہمارے لئے قابل احترام ہیں لیکن فرائض سے جی چرانے والوں کے لئے ادارے میں کوئی جگہ نہیں۔جائز کام کے لئے اگر کسی سائل کی فائل رکی تو متعلقہ افسر معطل ہوگا۔

سینئر صوبائی وزیر کھلی کچہری کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مستقل بنیادوں پر بونا فایڈ کمیشن بنا رہے ہیں۔ جس سے ایل ڈی اے کے معاملات میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا ایل ڈی اے پر اعتماد بحال کیا جائے گا اور ادارے کو صحیح معنوں میں عوامی خدمت کا ادارے بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تیسری بار وزارت عظمیٰ کی لالچ میں اٹھارویں ترمیم کے ذریعے پنجاب کے حقوق بیچ دیئے گئے۔ اور آج پنجاب میں بجلی اور گیس مہنگائی مل رہی ہے۔ وفاقی حکومت پنجاب کے حصے کے 142ارب روپے بھی نہیں دے رہی۔نا اہلوں نے معیشت تباہ کر دی، صنعتیں بند ہونے سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہورہے ہیں۔ قوم کا خزانہ برباد کر کے پہلے بھی ڈالر نیچے لایا گیا تھا اور اب پھر وہی کھیل کھیلا جارہا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عوام کو سیاسی شعور دیا۔ کرپٹ ٹولہ اپنی سزا ئیں تو ختم کرواسکتا ہے لیکن عوام کا سیاسی شعور ختم نہیں کر سکتا۔ آئند عام انتخابات میں عوام انہیں مسترد کر دیں گے۔