اسلام آباد،12 اکتوبر (اے پی پی ): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے نارکوٹکس کنٹرول عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان ذاتی مفاد میں آڈیو ریکارڈنگ کرتے رہے ، اپنی منظرعام پر آئی تو سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں ۔
خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام باد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی بطور وزیراعظم نہ صرف لوگوں کی آڈیو ریکارڈ کروانے کا شوقین تھا بلکہ ماہر بھی تھا ۔اس نے آج اتنا بڑا یو ٹرن کس بات سے لیا اور کیوں لیا ۔کیونکہ یہ اور ان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی اکثر یہ بات ہوتی تھی کہ اپنے لوگوں کی آڈیوز ریکارڈ کی جائیں ، وزیراعظم عمران خان جب صبح دفتر آتے تھے تو ان کے سیکرٹری اعظم خان تمام ریکارڈڈ آڈیوز کا باقاعدہ ایک ٹرانسکرپٹ پیش کیا کرتے تھے ۔جب تحریک عدم اعتمادلائی گئی انہوں نے اپنے ایم این ایز کے فونز ٹیپ کروائے ،عمران خان اپنے دن کا آغاز ان ٹرانسکرپٹس کو پڑھنے سے کرتے تھے۔